سیالکوٹ : عصمت دری کا کیس واپس نہ لینے پر ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو دوبارہ اغوا ء کرلیا

بدھ 31 اگست 2016 13:03

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) سیالکوٹ میں عصمت دری کا کیس واپس نہ لینے پر ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو دوبارہ اغواء کرلیا ،لڑکی کے اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔تفصیلات کے مطابق ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں ایک گینگ نے 15 سالہ لڑکی کو ریپ کیس واپس نہ لینے پر سزا کے طور پر گذشتہ 5 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اغواء کرلیا۔

ڈسکہ کے ایک گاوٴں سراں والی کی رہائشی مذکورہ لڑکی ایک مزدور کی بیٹی ہے۔لڑکی کی والدہ کی جانب سے ستراہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق 5 مسلح افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے اور انھیں اور ان کے اہلخانہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے اغواء اور عصمت دری کا کیس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ایک مرتبہ پھر مذکورہ لڑکی کو اغواء کیا اور اہلخانہ کو دھمکی دی کہ وہ وہی سب کچھ دوبارہ دہرائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ستراہ پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 365 (بی) اور 376 کے تحت گینگ کے ایک ملزم کے خلاف اغواء اور ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔خاتون کے مطابق وہ پہلے ہی ریپ اور ملزمان کو پکڑنے میں پولیس کی ناکامی پر خوفزدہ تھے اور اب گینگ نے وہی جرم دہرانے کی دھمکی دی ہے۔انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینئر پولیس عہدیداران سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزمان کی گرفتاری اور ان کی بیٹی کی بازیابی کو یقینی بنائیں

متعلقہ عنوان :