تین ستمبر کو لاہور میں ریلی کے اعلان سے ہی حکمرانوں کے اعصاب شل ، راتوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں‘ مسر ت چیمہ

بدھ 31 اگست 2016 12:21

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تین ستمبر کو لاہور میں احتساب ریلی کے اعلان سے ہی حکمرانوں کے اعصاب شل اور راتوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں ،(ن) لیگ کی قیادت کی طرف سے پانامہ لیکس میں نام آنے پر خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کی بجائے مزاحمت کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے ۔

تین ستمبر کو شاہدرہ سے چیئرنگ کراس چوک تک نکالے جانے والی احتساب ریلی کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسر ت چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی احتساب تحریک ذاتی مفادات نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی جنگ ہے ۔ اگر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن اور غریب کی زندگی میں آسودگی لانی ہے تو ملک سے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین ستمبر کو شاہدرہ سے چیئرنگ کراس چوک تک احتساب ریلی نکالی جائے گی اور اس روز عمران خان بڑا اعلان کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے بادشاہت کا نظام قائم کر رکھا ہے ۔ اداروں کو جوابدہ ہونے کی بجائے انہیں آنکھیں دکھائی جارہی ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تین ستمبر کی ریلی کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی ہے اورانشا اللہ اس روز لاہور میں انسانوں کا سمندر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سڑکوں پر نکلنے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں اور اسی وجہ سے حکمرانوں کے اعصاب شل اور راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :