پاناما لیکس پر حکومت پہلے دن سے کلیئر ہے‘ اپوزیشن کا موقف بار بار تبدیل ہوتا رہا ہے‘ ڈاکٹر مصدق ملک

منگل 30 اگست 2016 22:51

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر حکومت پہلے دن سے کلیئر ہے اور اس معاملے پر کافی لچک کا مظاہرہ بھی کر چکی ہے جبکہ اپوزیشن کا موقف بار بار تبدیل ہوتا رہا ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی ادارے پر اعتماد نہیں کیا جا رہا اور قومی اداروں پر تنقید ایک فیشن بن چکا ہے جو کہ درست نہیں، ہمیں اپنے اداروں اکا احترام کرنا چاہیے اور عدلیہ سمت کسی بھی ادارے پر الزامات سے گریز کرنا چاہیے۔

ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سمیت اگر ملکی اداروں کو اسی طرح متنازعہ بنایا جائے گا تو لوگ کہاں جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عدلیہ سمیت تمام ملکی اداروں کا احترام کیا ہے اور جب پاناما پیپرز پر حکومتی ٹی او آرز کو چیف جسٹس نے مسترد کیا تو ہم دوبارہ انہیں آگے لیکر نہیں گئے اور انکی بات مانتے ہوئے اپوزیشن کے ساتھ مل بیٹھ کر مشترکہ ٹی او آرز کے لیے راضی ہو گئے لیکن اب جب چیف جسٹس نے سپریم کورٹ سے پاکستان پیپلز پارٹی کی پاناما پیپرز پر دائر رٹ کو خارج کر دیا ہے تو اس پر فوری اور طرح طرح کے ردعمل آنا شروع ہو گئے ہیں جو کہ درست نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف آج بھی اپنے منصب پر اس لیے فائز ہیں کیونکہ وہ عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام بھی انہیں ووٹ دیکر ان پر اپنے بھرپور اعتمادکا اظہار کرتے ہیں جسے کچھ لوگ دھاندلی بھی کہتے ہیں جنہیں عوام نے ضمنی انتخابات سمیت بلدیاتی، کنٹونمنٹ بورڈ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دوبارہ سے مسترد کر کے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ترقی و خوشحالی کی پالیسیوں پر بھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے، پاکستانی قوم وزیراعظم محمد نواز شریف سے محبت کرتی ہے اسی لیے ان پر اپنے اعتماد کا بھرپوراظہار بھی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پر بلاوجہ کے الزامات لگانے والوں کو چاہیے کہ وہ وزیراعظم کی طرح عوامی خدمت کو ترجیح دیں تاکہ ملک ترقی کرے۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ عوام بہتر سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کس کو ووٹ دینا ہے اور جس کو عوام منتخب کرے گی وہی عوام کی نمائندگی کرے گا، ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور بہت جلد ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔