کابینہ کی طرف سے پاکستان اور ایران کے مابین بینکنگ شعبہ میں دوبارہ تعلقات قائم کیے جانے کی منظوری کا امکان ہے پاکستان او رایران کے مابین آزادانہ تجارتی تعلقات بارے مذاکرات بھی شروع ہوسکتے ہیں

وفاقی وزیر تجارت کی ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

منگل 30 اگست 2016 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ کابینہ کی طرف سے پاکستان اور ایران کے مابین بینکنگ شعبہ میں دوبارہ تعلقات قائم کیے جانے کی منظوری کا امکان ہے جبکہ پاکستان او رایران کے مابین آزادانہ تجارتی تعلقات بارے مذاکرات بھی شروع ہوسکتے ہیں ۔ وہ منگل کو پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی شعبہ میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی مفاد کے شعبوں میں بات چیت ہوئی۔سفیر نے کہا کہ دونوں اسلامی برادر ممالک کو اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے اور اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کی متعدد راہیں ہیں دونوں ممالک کی زیادہ تر آبادی نوجوان نسل پر مشتمل ہے اور دوطرفہ تجارت میں اضافہ سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سفیر نے ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تجارت کو مزید بہتربنانے کے طریقوں اور ذرائع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کو طویل مدتی تجارتی و اقتصادی پالیسیاں بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایرانی سفیر کو بتایا کہ پاکستانی کابینہ کی طرف سے ایران اور پاکستان کے مابین بینکنگ شعبہ میں تعلقات کے قیام کی منظوری دیئے جانے جس سے دوطرفہ تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

وزیر نے مزید کہ کہ پاکستان اور ایران کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدہ کے بارے میں مذاکرات بھی شروع ہونے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان نے آزادانہ تجارتی معاہدہ کا جو مسودہ ایران بھیجا تھا وہ ایران کی طرف سے رضا مندی کی رائے کے ساتھ واپس آگیا ہے جس پر تیزی سے کارروائی کی جائے گی۔وفاقی و زیر نے ایرانی سفیر کو یہ بھی بتایا کہ دونوں ممالک کو کاروباری حضرات کے لیے ویزا کی کارروائی کو سادہ اور آسان بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے اور زیرو ریٹ والی اشیاء کی فہرست پر بھی ایک دوسرے کو متفق ہوجانا چاہیے تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔

سفیر نے وزیر کی طرف سے مثبت ردعمل کو سراہا اور دونوں اطراف نے ملاقات میں زیر غور آنے والی مختلف تجاویز کو عملی شکل دینے کے لیے مختلف سطحوں پر مزید اجلاسوں کے انعقاد پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :