پولیس کی وردی میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 5 افراد کو پھلیلی پولیس نے گرفتار کرلیا

ملزمان کئی ماہ سے حیدرآباد سٹی،لطیف آباد،قاسم آبادسمیت دیگر علاقوں میں شہریوں سے لوٹ مارکررہے تھے

منگل 30 اگست 2016 22:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) پولیس کی وردی میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 5 افراد کو پھلیلی پولیس نے گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ،پولیس کی وردیاں اور موٹرسائیکل برآمد کرلی،ملزمان کئی ماہ سے حیدرآباد سٹی،لطیف آباد،قاسم آبادسمیت دیگر علاقوں میں شہریوں سے لوٹ مارکررہے تھے۔پھلیلی پولیس نے ایس ایچ اوراناپرویز کی سرکردگی میں گڈس ناکہ پرکاروائی کرتے ہوئے پولیس کے ایک جعلی انسپکٹر سمیت 5اہلکاروں کو گرفتار کرلیا،ملزمان شوکت علی ولدعرض محمد،شاہدخان ولد خورشیدخان،عاشق ولد سکندر،اﷲ دین ولد نعیم علی،علی حسن ولد شفیع محمدگزشتہ کئی ماہ سے لطیف آباد،سٹی،قاسم آباد،سمیت دیگر علاقوں میں ناکہ لگاکر شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں ، ملزمان کے قبضے سے 2ٹی ٹی پستول،گولیاں،پولیس کی وردیاں اور ایک پولیس کی سفید رنگ کی موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی ہے جس پر پولیس کی نمبر پلیٹ بھی لگی ہوئی ہے،ملزمان میں سے3کا تعلق حیدرآباد اور2کاماتلی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پنجرہ پول پر موجود پھلیلی پولیس کے اہلکاروں کو شہریوں نے آگاہ کیا کہ وہ کچھ فاصلے پر گڈس ناکہ پرچیکنگ کے مرحلے سے گزرکر آ رہے ہیں جس پر پولیس گڈس ناکہ پہنچی تو جعلی پولیس اہلکاروں نے فرارہونے کی کوشش بھی کی،ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ شہر اورگردونواح کے علاقوں میں قائم جوئے سٹے اورمنشیات کے اڈوں سے بھتے وصول کرتے ہیں اورکئی افراد کواغواء کرکے بھاری رقوم بھی وصول کرچکے ہیں،ملزمان کے خلاف غیرقانونی اسلحہ رکھنے سمیت سنگین دفعات کے 3مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :