صنعتی زونز اور سرمایہ کاروں کو مقامی سطح پر پیدا ہونے والی سستی بجلی مہیا کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں،پرویزخٹک

حکومت قدرتی گیس کو کوہاٹ ، رشکئی اور حطار صنعتی زونز میں 225 میگاواٹ کے تین بجلی گھر قائم کرنے کیلئے استعمال کرے گی صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کو آمادہ کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی ضامن ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک

منگل 30 اگست 2016 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں قائم ہونے والے صنعتی زونز اور سرمایہ کاروں کو مقامی سطح پر پیدا ہونے والی سستی بجلی مہیا کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جو صوبے میں تیز رفتار صنعتکاری کو فروغ دینے کے وعدے کی تکمیل کی طرف ایک عملی قدم ہے۔ یہ بات وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت ارکان قومی اسمبلی و پارلیمنٹ کو دی جانے والی بریفینگ میں بتائی گئی جس میں اسد عمر ، جہانگیر ترین ، ساجدہ خٹک ، سینٹر نعمان وزیر، محسن عزیز، خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین غلام دستگیر ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر سید محمد محسن ، سیکرٹری انرجی انجینئر نعیم خان اور سیکرٹری صنعت فرح حامد خان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اب تک ہونے والی تیاریوں اور حاصل ہونے والی بجلی کی کھپت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت قدرتی گیس کو کوہاٹ ، رشکئی اور حطار صنعتی زونز میں 225 میگاواٹ کے تین بجلی گھر قائم کرنے کیلئے استعمال کرے گی ان بجلی گھروں سے پیدا ہونے والی بجلی مذکورہ تین انڈسٹریل زونز کو رعایتی نرخوں پر مہیا کی جائے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کو آمادہ کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی ضامن ہے۔

ان کی حکومت نے پہلے سے ہی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مراعات کا اعلان کر چکی ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ صوبے میں تیز رفتار صنعتکاری کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ان کی حکومت نے صوبے کی تیز رفتار ترقی کیلئے ان وسائل سے استفادہ کرنے کیلئے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار دوست ماحول بنا چکی ہے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی انتھک کوششوں کی بدولت وفاقی حکومت نے حال ہی میں 100 ملین مکعب فٹ فالتو قدرتی گیس کی صوبے کو فراہمی کی منظوری دی ہے جس سے بجلی گھر تعمیر کئے جائیں گے شرکاء کو بتایا گیا کہ سوئی گیس کمپنی نے اس گیس کی فراہمی کیلئے صوبے کو ڈیمانڈ نوٹ جاری کردیا ہے جس پر متعلقہ رقم جمع کردی گئی ہے اورتھرمل بجلی گھروں کے ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے نیلامی کا اشتہار بھی جاری کردیا گیا ہے اجلاس کے شرکاء نے نیلامی میں سرمایہ کاروں کی پرجوش شرکت پر خوشی اور اطمینان کااظہار کیا اجلاس کو بتایا گیا کہ سرمایہ کار اس موقع سے بھر پور فائدے کیلئے تیار ہیں اور صوبائی حکومت کی جانب سے گارنٹی پر بھاری سرمایہ کاری میں مصروف ہیں وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ صوبائی حکومت مختصر نوٹس پر ایسی ہر قسم کی تحریری گارنٹی دے گی اور سرمایہ کاروں کو مزید ہر ممکن سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر چہ نیپرا بجلی کے نرخ مقرر کرنے کا مجاز ادارہ ہے تاہم خیبرپختونخوا میں تھرمل بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کو فروخت کم سے کم ممکنہ نرخوں پر لانے کیلئے حتی الوسع کوشش کی جائے گی یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت صنعتوں کی فزیبلٹی خود کرے گی یا اسے سرمایہ کاروں کی اپنی صوابدید پر رکھا جائے گاجبکہ اکنامک زون ڈویلپمنٹ کمپنی دو روز کے اندر تحریری فیصلہ جاری کرے گی یہ بھی متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کوہاٹ، رشکئی اور حطا ر کی صنعتی بستیوں میں بھی 225 میگاواٹ بجلی کے تین بجلی گھر قائم کئے جائیں گے ان صنعتوں کیلئے گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے ضمن میں واضح کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ کھدائی اور دریافتوں کے سبب حالیہ منظوری کے علاوہ بھی صوبے کی ضروریات سے کئی گنا زیادہ گیس پیدا ہو گی جو صنعتی ضروریات کیلئے ترجیحی بنیاد پر استعمال کی جائے گی ۔