سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں رونقیں بحال ہونا شروع

منگل 30 اگست 2016 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ ہیوی مشینری کے ذریعے منڈی انتظامیہ کی جانب سے داخلی اور خارجی راستوں پر نکاسی آب کا 70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔منڈی کے ایڈمنسٹریٹر جہانگیر چوہدری نے کہا کہ ہفتے کے دن کراچی میں ہونے والی میں غیر متوقع بارش اور مٹی کے طوفان کے باعث مویشی منڈی سہراب گوٹھ میں بیوپاریوں کے لیے مشکلات پیدا ہوگئی تھیں تاہم انتظامیہ اور ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کی کوششوں کے بعد صورت حال کافی بہتر ہو گئی ہے۔

انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ ملیر اور پاک آرمی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے فراہم کردہ باؤزر اور پانی نکالنے کے لئے دیگر مشینری نے منڈی کے راستوں کی بحالی میں بہت مدد دی۔

(جاری ہے)

جہانگیر چوہدری نے کہا کہ تقریباً950 ایکڑپر قائم منڈی میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنا آسان نہیں ہے اور اس وقت بھی کئی بلاکوں میں کام جاری ہے۔ انہوں نے بیوپاریوں سے بھی انتظامیہ کی مشکلات سمجھنے اور صورتحال کی بحالی میں انتظامیہ کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر منڈی کی صورتحال بہتر بنا سکتے ہیں تاکہ مویشیوں کی خرید و فروخت میں آسانی فراہم کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے نکاسیٔ آب اور کچرے فضلے کو ٹھکانے لگانے لیے اپنے اسٹاف کی تعداد د گنی کردی ہے۔ منڈی میں سپرے کا کام بھی وقتاً فوقتاً جاری ہے جب کہ مختلف بلاکس کی اندرونی گلیوں میں صفائی ستھرائی کاکام مسقتل بنیادوں پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پانی کے اخراج کے بعد ایک بار پھر مویشیوں اور عوام کے لیے آنے جانے کے راستے ہموار ہوگئے ہیں۔ ان اقدامات کی وجہ سے منڈی میں عوام کی آمدکا سلسلہ جاری رہا۔

متعلقہ عنوان :