بلا تفریق رنگ و نسل سب کی خدمت کریں گے،چیئرمین ڈسٹرکٹ کورنگی سید نیر رضا

منگل 30 اگست 2016 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) چیئرمین ڈسٹرکٹ کورنگی سید نیر رضا نے کہا ہے کہ تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے بلا تفریق رنگ و نسل سب کی خدمت کریں گے ہر آدمی اپنے مسائل کے حل کے لئے رابطہ کر سکتا ہے عوامی خدمت کے حوالے سے اپنے پرانے اقدامات سے مزید بڑھ کر کام کریں گے عوام کے پیسوں کو عوام پر ہی خرچ کریں گے ہر الٹی چیز کو سیدھا کریں گے جو معاملات خراب ہیں ان کو سیدھا کریں گے کرپشن کے حوالے سے کوئی شکایات ہوئی تو ایسی تمام گندگی کو ڈسٹرکٹ کورنگی سے صاف کریں گے تا کہ عوامی پیسوں کا ضیاع کرنے والوں کا احتساب ہو سکے ۔

آج سے اور ابھی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کا آغاز کرتے ہیں بلدیاتی نظام کے خاتمے کے بعد ایک بار پھر سے عوام کی خدمت کا جو موقع ملا ہے ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ایک بار پھر سے بھرپور طریقے سے عوامی خدمت کر کے دیکھائیں گے عوام کے بلدیاتی مسائل بھی حل ہونگے اور انشاہ اﷲ ترقیاتی کام بھی ہونگے ڈسٹرکٹ کورنگی کے تمام منتخب اراکین مل کر اپنے ضلع کو شہر کا بہترین ضلع بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحثیت چیئر مین ڈسٹرکٹ کورنگی حلف اٹھانے کے موقع پر کیا اس موقع پر وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے کہا کہ اختیارات کا ہونا یا نہ ہونا عوامی خدمت جذبے کو ختم نہیں کر سکتا عوام کی خدمت کرنے آئیں ہیں اور عوام کی خدمت کریں گے پور ی کوشش کریں گے کہ ڈسٹرکٹ کورنگی کی کونسل عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور اگرعوام کے مسائل کے حل کے لئے اختیارات حاصل کرنے کی جد و جہد کرنا پڑی تو اس سلسلے میں تمام لوگوں سے رابطے کریں گے تا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرا سکیں ۔ ریٹرنگ آفیسروسیم الدین نے دونوں سے حلف لیا ۔