مقامی حکومت کا نظام ہی اصل جمہوریت ہے ، اب کراچی کے مسائل حل ہوں گے، سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار

نومنتخب میئر کراچی وسیم اختر کی پہلی ترجیح کراچی کے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا اور کراچی کو تیزی سے ترقی کی جانب لیجانا ہے پولو گراؤنڈ میں ایم کیوایم پاکستان کے نامز د میئر وسیم اختر کی حلف برداری کی تقریب میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو

منگل 30 اگست 2016 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مئیر کراچی وسیم اختر کی شکل میں کراچی کے عوام کو برسوں بعد خوشی ملی ہے ، نومنتخب مئیر وسیم اختر کو کراچی کی چابی دیدی گئی ہے اور کراچی والے جلد ہی انہیں جیل کی چابی بھی دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مقامی حکومت کا نظام ہی اصل جمہوریت ہے ، اب کراچی کے مسائل حل ہوں گے اور شہر میں ہر کسی کو ملا کر شمولیتی تعمیر و ترقی کا ماڈل قائم کریں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پولو گراؤنڈ میں ایم کیوایم پاکستان کے نامزد کردہ منتخب میئر کراچی وسیم اختر کی حلف برداری کی تقریب میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، رابطہ کمیٹی کے اراکین محترمہ نسرین جلیل ، محفوظ یار خان ، اسلم آفریدی، ساتھی اسحق ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، نومنتخب بلدیاتی نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ 8سال بعد شہر کراچی میں میئر کا دفترکام کرنا شروع کرے گا ، میئر کراچی وسیم اختر جہاں آج حلف اٹھا رہے ہیں وہیں انہیں پانی ، بجلی ، نکاسی آب اور روزگار جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے اور میئر کراچی وسیم اختر کی پہلی ترجیح کراچی کو تیزی سے ترقی کی جانب لیجانا ہے اورکراچی کے عوام بھی وسیم اختر کا ساتھ دیں گے اور کراچی کو ایشیاء کا صاف ترین شہر بنائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام کو 8برس بعد سچی خوشی ملی ہے اس سے قبل شہر کراچی اپنے والی و وارث کیلئے ترسا ہوا تھا ، بد قسمتی سے پاکستان میں مقامی جمہوریت کو پنپنے نہیں دیاجاتا ہے اوراس میں رکاوٹیں اٹکائی جاتی ہیں لیکن یہ بات بھی حقیقت ہے کہ مقامی حکومت کا نظام ہی اصل جمہوریت ہے اور اس کے بغیر وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی بے کار ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کے نامزد میئر وسیم اختر اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کراچی کو تیزی سے ترقی کے راستے پر ڈالیں گے اور ہر شہری کو بااختیار بنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ہر شہری نومنتخب میئر وسیم اختر کے ساتھ ہے ، ہم سب آئی اون کراچی اور وی اون کراچی کریں گے اور کراچی کی کثیر الثانی اکائیوں کو متحد کریں گے اور شہر سے جرائم اور دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے ۔