پنجاب میں بیماریوں کی روک تھام ، زچہ بچہ کی اموات میں کمی کے لئے اقدامات جاری ہیں ‘ علی جان خان

بچوں میں غذائیت کی کمی ، حاملہ خواتین کی صحت کے مسائل اور بچوں میں عمر کے مطابق قد نہ بڑھنے کے مسئلہ پر توجہ دی جا رہی ہے‘ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ

منگل 30 اگست 2016 22:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء ) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں بیماریوں کی روک تھام اور زچہ وبچہ کی اموات میں کمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں ،غذائیت کی کمی کا شکار بچوں ،حاملہ خواتین کی صحت کے مسائل حل کرنے اور عمر کے تناسب سے بچوں میں قد نہ بڑھنے کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ورلڈ بنک کے مشن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جس نے ڈاکٹر انعام کی سربراہی میں ان سے ملا قات کی اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید ،ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر نصرت جبین ، ڈاکٹر اختر رشید ملک اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے تقاضوں کے مطابق فیملی پلاننگ کی کمیونیکیشن سٹریٹجی میں تبدیلی ، پرائمری ایند سیکنڈری ہسپتالوں میں کنٹریکپٹوزکی فراہمی اور کونسلنگ کی سہولیات اور اس حوالے سے لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ذمہ داریاں سونپنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلہ پر قابو پانے ، غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کی نگہداشت اور خون کی کمی کا شکار حاملہ خواتین کے مسائل حل کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ورلڈ بنک مشن نے غذائیت کی کمی کی وجہ سے بچوں میں عمر کے تناسب سے قد نہ برھنے کے مسئلے پر قابو پانے کے سلسلے میں مکمل تعاون فر اہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے فیملی پلاننگ کے حوالے سے محکمہ بہبود آبادی کو پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے انفراسٹرکچر اور سسٹم سے بھر پور استفادہ کرنے کی پیش کش کی ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔ ڈائر یکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید نے حاملہ خواتین کے صحت کے مسائل حل کرنے ، ز چہ بچہ کی شرح اموات پر کنٹرول اور فیملی پلاننگ کے حوالے سے موثر آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایڈووکیسی سیمینارز کا زیادہ سے زیادہ انعقادوقت کی اہم ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :