احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں

ملک ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ، آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ، پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم ہے ،ملک کو منفی سیاست کی نہیں ،اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو ملک کا خیال ہے نہ عوام کا، احتجاجی عناصر نے پہلے بھی قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا اور یہی عناصر اب دوبارہ ترقی کے تیز رفتار سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 30 اگست 2016 22:07

احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک دوبارہ ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اور تین برس کے دوران ملک معاشی لحاظ سے مستحکم ہوا ہے۔ امن و امان کی صورتحال میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ، پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم ہے ۔

اس وقت ملک کو منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر کو ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔وہ منگل کو مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

مفاد عامہ کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا گیا ہے جبکہ ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے متعدد منصوبے زیر تکمیل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلیٰ معیارکے رحجان کو فروغ دیا ہے اورہمارے منصوبے شفافیت کے ساتھ رفتار اور معیار کی گواہی دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں پرتنقید کرنے والے سیاسی عناصر عوام کے خیرخواہ نہیں۔ پاکستان کے عوام ملک میں ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر نے پہلے بھی قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا اور یہی عناصر اب دوبارہ ترقی کے تیز رفتار سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ باشعور عوام ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں گے اور ترقی کے دشمن عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں۔ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو ملک کا خیال ہے نہ عوام کا۔ انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والے عناصر ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ان کی افراتفری پھیلانے کی کوشش ملک اور قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام نے ایسے عناصر کو پہلے بھی ہر موقع پر مسترد کیا ہے اور اب بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔