پنجاب میں قانون کی حکمرانی ہوتی تو رانا ثناء اﷲ سلاخوں کے پیچھے ہوتا،شرم و حیا کی رمق ہوتی تو یہ شخص لاہور میں بچوں کے اغواء کا تدارک کرتا، بچوں کے اغواء کے واقعات کی جامع تحقیقات کی جائیں

تحریک انصاف پنجاب کے صدر علیم خان کا صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ کے بیان پر ردعمل کااظہار

منگل 30 اگست 2016 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے مرکزی صدر علیم خان نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں قانون کی حکمرانی ہوتی تو رانا ثناء اﷲ نامی یہ شخص سلاخوں کے پیچھے ہوتا،شرم و حیا کی رمق ہوتی تو یہ شخص ہزیان بولنے کی بجائے لاہور میں بچوں کے اغواء کا تدارک کرتا۔

(جاری ہے)

منگل کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک بیان میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر علیم خان نے کہا ہے کہ بچوں کے اغواء کے واقعات کی جامع تحقیقات کی جائیں تو رانا ثنا اﷲ اغواء کاروں کا سرغنہ ثابت ہو گا،پنجاب میں قانون کی رکھوالی پر متعین یہ شخص کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے مفادات کی نگرانی کرتا ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کے بارے میں ہرزہ رسائی کے عوض یہ درباری اپنی نوکری پکی کرنا چاہتا ہے،عمران خان کہیں نہیں جائیں گے، لیکن بھاگنے والوں کو اس مرتبہ جدہ میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔

علیم خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے پاکستان کی آن پر رکیک حملہ کیا تو وزیر اعظم نے درباریوں کو زبانیں بند رکھنے کی ہدایت کی،وسیم اختر کو کراچی کا میئر بنوا کر وزیر اعظم نے الطاف حسین کو شاباش دی۔