Live Updates

تحریک انصاف کا پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور الطاف حسین کی ہرزہ سرائی کی بھرپور مذمت کا فیصلہ ، 6 ستمبر کی شام کراچی میں عظیم الشان پاکستان زندہ باد" جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان

وقت آن پہنچا ہے کہ پاکستان کی آن اور شان کی خاطر تمام مسلکی،گروہی،لسانی، صوبائی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر ارض پاک کی خاطر باہر نکلیں،فاع وطن کی شام الطاف حسین کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کیخلاف بھی اہم ترین فیصلہ کریں گے، عمران خان کا اجلاس سے خطاب

منگل 30 اگست 2016 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور الطاف حسین کی ہرزہ سرائی کی بھرپور مذمت کا فیصلہ کرتے ہوئے 6 ستمبر کی شام کراچی میں عظیم الشان پاکستان زندہ باد" جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کراچی میں جلسہ عام کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں عوام سے کہا ہے کہ وقت آن پہنچا ہے کہ پاکستان کی آن اور شان کی خاطر تمام مسلکی،گروہی،لسانی، صوبائی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر ارض پاک کی خاطر باہر نکلیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق کراچی میں عظم الشان جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی،صوبہ سندھ اور کراچی کی قیادت نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان سے بھرپور یکجہتی کرتے ہوئے الطاف حسین کی ہرزہ سرائی کی بھرپور مذمت کرنے کا فیصلہ کیا گیا جسکے لئے تحریک انصاف نے6 ستمبر کی شام کراچی میں عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کرے گی جسے "پاکستان زندہ باد" کا نام دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کراچی میں "پاکستان زندہ باد" جلسہ 6 ستمبر کی شام نشتر پارک میں منعقد کیا جائے گا۔

قوم بالخصوص کراچی کے عوام کے نام پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کو عوام وطن عزیز سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کیلئے قومی پرچم ہاتھوں میں تھام کر نکلیں،وقت آن پہنچا ہے کہ پاکستان کی آن اور شان کی خاطر تمام مسلکی،گروہی، لسانی،صوبائی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر ارض پاک کی خاطر نکلیں۔ عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کے نشتر پارک میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری کا قومی پرچم کے ہمراہ منتظر ہوں گا، 6 ستمبر کی شام نشتر پارک سے قومی یکجہتی کا پیغام دیں گے،دفاع وطن کی شام الطاف حسین کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کیخلاف بھی اہم ترین فیصلہ کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات