حکومت قبائلی علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کے لیے جامع اصلاحات لارہی ہے،صدرمملکت

قبائلی عوام محب وطن ہے، انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں ہیں،ممنون حسین

منگل 30 اگست 2016 21:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) صدر مملکت منون حسین نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کے لیے جامع اصلاحات لارہی ہے۔ یہ بات صدر مملکت نے ایوانِ صدر میں فاٹا اصلاحات پر دی گئی پریذنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر قانون زاہد حامد ، وزیر برائے سیفران عبدالقادر بلوچ ، وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز ، اقبال ظفر جھگڑا گورنر خیبر بختون خوا اور مشیر برائے قومی سلامتی نصیر خان جنجوعہ بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ فاٹا میں اصلاحات قبائلی عوام کی امنگوں کے مطابق ہونی چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قبائلی عوام محب وطن ہے اور انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت فاٹا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انھیں بھی ملک کے دیگر شہریوں کی طرح بنیادی سہولیات یقینی بنائے گی۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ فنڈز کے موثر استعمال اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے چیک اینڈ بیلنس کا مربوط نظام بھی ہونا چاہئے تاکہ ترقیاتی موثر طریقے سے ہوسکیں۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت قبائلی عوام کی اپنے علاقوں میں باعزت واپسی کے لیے پرعزم ہے اس سلسلے میں حکومت نے قبائلی علاقوں میں انفرااسٹریکچر کی تعمیر اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔پریزنٹیشن کے دوران صدر مملکت و آگاہ کیا گیا ہے کہ فاٹا اصلاحاتی کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول قبائلی علاقوں کے پارلیمانی نمائندوں کی رائے بھی حاصل کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے فاٹا اصلاحاتی کمیٹی کے کام کو سراہااور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کمیٹی علاقے کے عوام کے مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :