سپریم کورٹ نے حلقہ این اے 110سیالکوٹ سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کردی، نادار کو فرانزک آڈٹ رپورٹ کے لئے دائر درخواست جلد نمٹانے کی ہدایت

منگل 30 اگست 2016 21:08

سپریم کورٹ نے حلقہ این اے 110سیالکوٹ سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کردی، ..

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اگست ۔2016ء) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110سیالکوٹ کے انتخابی تنازع سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس مقدمے میں التوا کی مزید کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ منگل کوجسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس قاضی فائز عیسٰی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے درخواست گزارکے وکیل عثمان کوبتایاکہ خواجہ آصف کے وکیل فاروق ایچ نائک کی طرف سے مقدمہ کے التوا کی درخواست آئی ہے۔ عثمان ڈار کے وکیل بابر اعوان نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدمہ کو جان بوجھ کر لٹکایا جارہا ہے، اسی لئے ا لتواکی درخواست ارسال کی گئی ہے۔ انہوں نے عدالت کوبتایا کہ انگوٹھے کے نشانات کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی فرانزک آڈٹ رپورٹ کے لئے ہم نے نادرا میں درخواست جمع کرائی ہے لیکن ابھی تک ہمیں رپورٹ نہیں دی گئی اور کہا جارہا ہے کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے اس لئے رپورٹ نہں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ عدالت اس مرحلے پر نادرا کو کوئی آرڈر نہیں دے سکتی۔ چیف جسٹس نے بابر اعوان کے اعتراض کے حوالے سے کہا کہ اس مقدمہ میں التوا کی مزید کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ بابر اعوان نے فکس ڈیٹ مقرر کرنے کی استدعا کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ ہفتے اس کیس کو سناجائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کرتے ہوئے نادار کو ہدایت کی کہ اپیل کنندہ عثمان ڈار کی طرف سے فرانزک آڈٹ رپورٹ کے لئے دائر درخواست کو جلد نمٹایا جائے۔

متعلقہ عنوان :