نیوٹیک ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ٗ پاکستان اور چین کے مابین فنی و پیشہ وارانہ تربیت کے میدان میں تبادلے اور تعاون کے فروغ پر گفتگو

سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی زندہ مثال ہے جس سے پورے خطے کے اربوں افراد مستفید ہوں گے ٗ ذو الفقار احمد چیمہ

منگل 30 اگست 2016 20:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) پاکستان اور چین کے مابین فنی و پیشہ وارانہ تربیت کے میدان میں تبادلے اور تعاون کے فروغ کیلئے منگل کو نیوٹیک ہیڈ کوارٹر میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں یونین منزو یونیورسٹی کے وائس پریذیڈنٹ اور کمیونسٹ پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ڈووین گینگ اور ڈائریکٹر سکول آف ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن مس چاؤین نے شرکت کی۔

اجلاس میں ذوالفقار چیمہ نے چینی وفد کو نیوٹیک کے زیر اہتمام پاکستان میں ٹیوٹ کی فراہمی اور سسٹم میں لئے جانے والی اصلاحات و اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے قومی سطح پر ایک مرکزی ادارے کی حیثیت سے نیو ٹیک کے کردار اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے مواقع کو یقینی بنائے گا اور ملکی خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی زندہ مثال ہے جس سے پورے خطے کے اربوں افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان میں ٹیوٹ نظام کو فعال بنانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین اشتراک کو بڑھانے پر زور دیا۔ چینی وفد نے سی پیک کے روٹ پر عالمی سطح کے ٹیکنیکل ووکیشنل ادارے قائم کرنے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جس کے ذریعے ایبٹ آباد، گوادر، کوئٹہ، گلگت، ڈیرہ اسماعیل خان اور مانسہرہ میں جدید تربیتی ادارے قائم کرنے کی تجویز زیر بحث آئی۔

اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ٹریننگ بیورو کو سنٹرل آف ایکسیلینس بنایا جائے گا۔ اس موقع پر مسٹر ڈووین گینگ نے تربیت یافتہ نوجوانوں کو چین میں مختلف جدید فنون میں انٹرن شپ دلانے کی پیشکش کی جن میں ایونٹ مینجمنٹ، زراعت، ای کامرس، ہینڈی کرافٹس اور ٹورزم شامل ہیں۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ نے چین کے تعاون پر چینی وفد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ دی۔

متعلقہ عنوان :