وزیر خزانہ نے نیشنل فنانس کمیشن بارے جولائی تا دسمبر 2015ء کیلئے پہلی ششماہی مانیٹرنگ رپورٹ کی باضابطہ منظوری دیدی

این ایف سی کا آئندہ اجلاس جلد منعقد کر انے کی ضرورت ہے ٗ اسحاق ڈار کا اجلا س سے خطاب تمام صوبوں کو اس سیکرٹریٹ سے ڈیٹا حاصل کرنا چاہئے ٗاجلاس کے شرکاء کی تجویز

منگل 30 اگست 2016 20:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیشنل فنانس کمیشن بارے جولائی تا دسمبر 2015ء کیلئے پہلی ششماہی مانیٹرنگ رپورٹ کی باضابطہ منظوری دیدیتے ہوئے کہاہے کہ این ایف سی کا آئندہ اجلاس جلد منعقد کر انے کی ضرورت ہے ۔ منگل کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ٗوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز خزانہ اور نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں کسی صوبے کی جانب سے بھی رپورٹ میں وفاقی کھاتوں اور مجموعی وصولیوں سے متعلق اعداد و شمار پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا جس کے بعد وزیر خزانہ نے رپورٹ کی منظوری دی۔ یہ رپورٹ بدھ کو مزید کارروائی کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مانیٹرنگ رپورٹ برائے این ایف سی کے مطابق جولائی تا دسمبر 2015ء کے عرصہ کے دوران ایف بی آر کی وصولیوں کا مجموعی حجم 1448.79 ارب روپے رہا جبکہ قابل تقسیم محاصل 1415.17 ارب روپے رہے۔

رپورٹ کے مطابق قابل تقسیم محاصل میں سے صوبہ پنجاب نے 51.74 فیصد، صوبہ سندھ نے 24.55 فیصد، خیبر پختونخوا نے 14.62 فیصد جبکہ بلوچستان نے 9.09 فیصد فنڈز وصول کئے۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے خیبر پختونخوا کو 14.02 ارب روپے اور بلوچستان کو 5.47 ارب روپے اضافی دیئے گئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے این ایف سی کا آئندہ اجلاس جلد از جلد منعقد کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سہ ماہی اور ششماہی دونوں اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے این ایف سی سیکرٹریٹ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں کو اس سیکرٹریٹ سے ڈیٹا حاصل کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :