کہیں اور دفن ہونے کی خواہش رکھنے والوں کو پاکستان سے ہمیشہ کیلئے چلے جانا چاہیے ‘عبدالعلیم خان

الطاف حسین کا ساتھ دینے والوں کو نشان عبرت بننا ہو گا ،غداروں کی یہاں کوئی گنجائش نہیں‘میڈیا سے گفتگو شیخوپورہ سے سابق ایم این اے ،قصور سے سابق ایم پی اے اور ننکانہ صاحب سے پارٹی رہنماؤں کی بھی ملاقاتیں

منگل 30 اگست 2016 20:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجا ب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ افغانستان یا کسی دوسرے ملک میں دفن ہونے کی خواہش رکھنے والوں کو ہمیشہ کیلئے پاکستان سے چلے جانا چاہیے اور اپنی سیاست بھی وہیں کرنی چاہیے جہاں کا وہ دم بھر رہے ہیں ،قیام پاکستان کے 70سال بعد بھی اسے تسلیم نہ کرنے والے مٹھی بھر عناصر کو شرم آنی چاہیے یہ ملک 20کروڑ محب وطن پاکستانیوں کا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھانے والی تھالی میں چھید کرنے والوں کو اقتدار کے مزے لوٹتے ہوئے پاکستان کیوں اچھا لگتا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ پختون محب وطن قوم ہیں لیکن اُن کے نام پر سیاست کرنے والے اپنی دوکانداری چمکا رہے ہیں اسفند یار جیسے سیاستدانوں کو خیبر پختونخوا کے عوام سے مسترد ہونے کے بعد افغانستان کی یاد ستا رہی ہے وہ خاطر جمع رکھیں انہیں آئندہ اس سے بھی بڑی شکست ہو گی ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے اُ س کی دہشت پسندانہ اور ملک دشمن سیاست کا ساتھ دینے والوں کو نشان عبرت بننا ہو گا پاکستان میں غداروں کیلئے کوئی جگہ نہیں واضح ہو گیا ہے کہ آج سے 3برس قبل عمران خان نے الطاف حسین کے خلاف جو موقف اپنا یا تھا وہ حقائق پر مبنی تھا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام محب وطن اور امن پسند ہیں حکومت کا فرض ہے کہ حالات کو کنٹرول کرے اور الطاف حسین کی مکروہ سیاست کا باب ہمیشہ کیلئے بند کر دیا جائے ۔

دریں اثناء عبدالعلیم خان کی صدارت میں 3ستمبر کی ریلی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا اعجاز چوہدری ،افتخار درانی ،ایم پی اے شعیب صدیقی اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا عبدالعلیم خان سے شیخوپورہ سے سابق ایم این اے چوہدری سعید ورک اور عمر آفتاب ڈھلوں نے ملاقات کی اور انہیں سنٹرل پنجاب کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ننکانہ صاحب سے بھی تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جبکہ نظریاتی علماء ونگ ،قصور سے سابق ایم پی اے مقصود بھٹی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عبدالعلیم خان سے ملاقات کی ۔

متعلقہ عنوان :