غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے چوکس رہیں ‘راجہ اشفاق سرور

لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لئے نالہ لئی سمیت تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے ‘ صوبائی وزیر محنت

منگل 30 اگست 2016 19:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے چوکس رہیں اور نالہ لئی سمیت تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکے ،نالہ لئی سمیت دیگردوسرے برساتی نالوں کے اطراف میں ناجائز تعمیرات کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے ،نالہ لئی میں کوڑا کرکٹ پھینکے اور ناجائز تعمیرات کی وجہ سے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی سیلاب کی صورت اختیار لیتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی او آفس راولپنڈی میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹیری راجہ جاوید اخلاص ، ڈاکٹر جمال نا صر ، راجہ عتیق سرور ، ڈی سی او رراولپنڈی طلعت محمود گوندل ، اے ڈی سی ( جی) نازیہ پروین سدھن ، اے ڈی سی عارف رحیم ، ڈائریکٹر ریسکیو1122 ڈاکٹر عبدالرحمن ، ایم ڈی واسا راجہ شوکت ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عرفان قریشی ، ڈی او سول ڈیفنس سنجیدہ خانم، ٹی ایم او پوٹھوہار ٹاؤن سردار تاشفین شرکت کی ۔

صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے ڈی سی او راولپنڈی سے کہا ہے کہ وہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں تاکہ لوگوں کی ممکنہ مالی امداد کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں سالڈ ویسٹ پھینکے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کی وجہ سے بہت سے بیماریاں جنم لیں رہی ہے انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر کوڑاکرکٹ اٹھوایا جائے اور شہر کی صفائی ستھر ائی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ لوگوں کو صحت مندانہ ماحول میسر آسکیں ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کی ری سایئیکلنگ کے لیے حکومت پنجاب اقدامات کر رہی ہے ۔ ڈائریکٹر ریسکیو 1122 ڈاکٹر عبدالرحمن نے اجلاس کو بتایا کہ راولپنڈی میں 15 جولائی سے 15 ستمبر تک مون سون کا سیزن ہوتاہے جس میں زیادہ بارش ہونے کی صورت میں سیلاب آنے کا خطرہ رہتا ہے اور اس ضمن میں جون کے مہینے میں تما م تر تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ کنٹرول روم 24 گھنٹے آپریشنل ہے اور پانچ نئی بوٹس خریدی گئی ہیں تاکہ ممکنہ سیلاب کے دوران کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس موقع پر محکمہ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کی طرف سے سیلاب سے نمٹنے اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں خصوصی ڈاکو منٹری دکھائی۔

متعلقہ عنوان :