بحرین کے قونصل جنرل کی صوبہ کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں ، گورنر سندھ

خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا جا رہا ہے ، خصوصی کانو وکیشن میں اعزازی ڈگری کی تقریب سے خطاب

منگل 30 اگست 2016 19:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا د خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے لئے بحرین کی جانب سے فراہم کیا جانے والا تعاون قابل تعریف ہے خصوصاً قدرتی آفات کے مواقعوں پر بھی بحرین نے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر تعاون کیا ۔ ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے انڈس یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ خصوصی کانووکیشن میں بحرین کے قونصل جنرل ابراہیم احمد عیسیٰ الحجازی کو ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی ڈگری دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر گورنر سندھ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم سید وجاہت علی ، سیکریٹری گورنر سندھ محمد اختر غوری اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ 2010 ء اور 2011 ء کے سیلاب میں بحرین کی جانب سے امدادی سامان کی بروقت فراہمی سے سیلاب زدگان کی بحالی میں بہت زیادہ مدد ملی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو سہولیات کی فراہمی ، معاشی ، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ کے ضمن میں بحرین کے قونصل جنرل کی خدمات نہایت قابل تعریف ہیں اور آج انھیں ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا جارہا ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا ۔ انہوں نے صوبہ سندھ کے لئے خدمات پر ابراہیم احمد عیسیٰ الحجازی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں بحرین کے قونصل جنرل نے اعزازی ڈگری عطا کئے جانے پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور انڈس یونیورسٹی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاک بحرین تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

بعد ازاں انہوں نے قونصل جنرل ابراہیم احمد عیسیٰ الحجازی کو انڈس یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی ۔ اس موقع پر انڈس یونیورسٹی کے چانسلر اور بورڈ آف گورنر کے چیئر مین خالد امین ، کویت کے قونصل جنرل محمد الخالد، سعودی عرب کے قونصل جنرل ایم عبد اﷲ ،قطر کے قونصل جنرل عبداﷲ الشریف ، متحدہ عرب امارات ے قونصل جنرل عبد اﷲ الکتبی ، اومان کے قونصل جنرل عبداﷲ الشمسی بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :