امریکہ اور بھارت کے جنگی تعاون کے معاہدے خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، مسئلہ کشمیر کو دبانے اور پاک چین راہداری کو متاثر کرنے کیلئے امریکہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیاہے، پاکستان کو چین ،ایران،افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک سے ملکر امریکہ اور بھارتی سازش کا مقابلہ کرنا چاہئے،پاک چین اقتصادی راہ داری کسی بھی ملک کے لئے خطرہ نہیں بلکہ خطے کیلئے معاشی خوشحالی کا پیغام ہے

سر براہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کا صوبائی رہنماؤں کے اہم اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب

منگل 30 اگست 2016 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء ) سر براہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ امریکہ اور بھارت کے جنگی تعاون کے معاہدے خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں،امریکہ پاکستان کے ساتھ منافقانہ کھیل کھیل رہا ہے مسئلہ کشمیر کو دبانے اور پاک چین راہداری کو متاثر کرنے کیلئے امریکہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیاہے،بھارت کے سر پر جنگی جنون سوار ہے جو پاکستان کو خوف میں مبتلا کرنے کے جھوٹے خواب دیکھ رہا ہے،پاکستان خود مختار اور اٹیمی قوت ہے امریکہ اور بھارت ایسے کسی بھی حربے سے پاکستان کو ڈرایا نہیں جا سکتا،کشمیری مسلمانوں کی آزادی ایک حقیقت ہے جسے امریکہ ،بھارت سمیت پوری دنیا کو تسلیم کرنا ہی ہو گا ۔

وہ منگل کو مرکز اہلسنت سے پنجاب کے صوبائی رہنماؤں کے اہم اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔بھارت نے کشمیر کو جتنا آسان ہدف سمجھ رکھا ایسا ممکن نہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نا دیا جائے ۔کشمیریوں کو آزادی دئے بغیر دنیا میں سلامتی کو یقینی نہیں بنا یا جا سکتا۔محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ پا کستان کو چاہئے کہ چین ،ایران اور افغانستان کے ساتھ مل کر امریکہ اور بھارت کے منفی عزائم کا مقابلہ کرے،پاکستان کی خود مختاری پر کسی کو ضرب نہیں لگانے دی جائے گی، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کسی بھی دوسرے ملک کیلئے باعث تشویش یا خطرہ نہیں ہے ،بلکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں معاشی انقلاب برپاء کرے گا ،امریکہ کو چاہئے کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کو بڑھانے اور بڑھکانے کی بجائے خطے کی سلامتی اور امن کیلئے معاشی استحکام لائے تاکہ دنیا کو غربت اور جہالت کی بدولت ہونے والی تباہی سے بچایا جا سکے ،ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ امریکہ کو چا ہئے کہ وہ بھارت کے ساتھ جنگی معاہدوں کی بجائے غربت اور بے روز گاری ختم کرنے کے معاہدے کرے تاکہ غربت سبب بھارت میں ہونے والی ہلاکتوں میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ اگر امریکہ اور بھارت یہ سوچتے ہیں کہ وہ خطے میں طاقت کا توازن بیگاڑکر مسئلہ کشمیر سے پاکستان اور دنیا کی توجہ ہٹا دیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔