سعودی عرب میں حج مشن اہلکاروں ، حج گروپ آرگنائزرز کیلئے تربیت لازمی قرار

منیٰ میں رمی جمرات سے متعلق گروپوں کی ترتیب اور اوقاتِ کار پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

منگل 30 اگست 2016 19:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء ) سعودی عرب میں حج مشن کے اہلکاروں اور تمام حج گروپ آرگنائزرز کیلئے تربیت لازمی قرار دے دی گئی۔ منیٰ میں رمی جمرات سے متعلق حاجیوں کے گروپوں کی ترتیب اور اوقاتِ کار پر سختی سے عملدرآمد کا حکم جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان حج مشن کے اہلکاروں ، تمام حج گروپ آرگنائزرز بشمول 5ذی الحجہ تک آنے والے تمام خصوصی گروپوں کیلئے سعودی عرب میں جاری تربیتی نشستوں میں شرکت لازمی قرار دے دی گئی۔

تربیت کے اختتام پر ہر حج گروپ آرگنائزر کو ترتیب اور اوقات کار کے بارے میں آگاہی اور اس پر عمل درآمد کا تحریری سرٹیفیکیٹ دینا ہو گا۔25ذی القعدہ سے جاری اس تربیت میں شریک نہ ہونے والے گروپوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ احکامات سعودی عرب میں قونصل جنرل پاکستان شہریار اکبر خان اور چیئرمین موئسسہ ساتھ ایشیا رفات بدر کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی اجلاس میں جاری کیے گئے ۔

چیئر مین نے کہا کہ گذشتہ سال منی میں ہونے والے نا خوشگوار حادثے کے بعد رمی جمرات کیلئے تمام حج گروپوں کی ترتیب اور اوقات کار کو وضع کرنے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ سعودی وزارتِ حج اس سال اس امر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور یہ بات سالانہ معاہدے میں بھی شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی حج گروپ آرگنائزر (HGO)اس تربیتی نشست میں شرکت سے ناکام رہا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

تمام HGOsکو تربیتی نشست کے بعد تحریری سرٹیفیکیٹ دینا ہو گا کہ اس نے اپنے گروپ کے اوقات کار اور ترتیب کو دیکھ اور سمجھ لیا ہے اور وہ اس پر عمل درآمد کروانے کا پابند ہے۔ اس سلسلے میں مکہ مکرمہ میں قائم دفتر امور حجاج پاکستان کے ڈائریکٹر حج امتیاز حسین شاہ نے حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن کے نمائندے وحید بٹ کو بھی آگاہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ تمام HGOsکو سعودی عرب میں جاری ان تربیتی نشستوں کی بروقت اطلاع پہنچائی جائے تاکہ منی میں حجاج کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :