کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کیلئے موثر سفارتکاری کی ضرورت ہے،پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا، ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیاجانا چاہیے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کبھی حقیقت نہیں بن سکتا

صدر ممنو ن حسین کی وزیراعظم کے معاو ن خصوصی طارق فاطمی اور وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقاتوں میں گفتگو

منگل 30 اگست 2016 19:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لیے موثر سفارت کاری کی ضرورت ہے،پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا،ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیاجانا چاہیے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کبھی حقیقت نہیں بن سکتا۔

وہ منگل کو یہاں ایوان صدر میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر محمد فاروق حیدر خان سے الگ الگ ملاقا توں کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔صدر مملکت نے راجہ محمد فاروق حیدر خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں عوامی نمائندے لوگوں کی بے لوث خدمت کریں گے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے آزاد کشمیر میں الیکشن کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی ترجیح لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہونی چاہیے تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر ہوسکے۔ اس سلسلے میں تمام عوامی منصوبوں میں شفافیت کا معیار بہتر کرنا ضروری ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے صدر مملکت کو عوام کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کے متعلق آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال کا پاکستان جائزہ لے رہا ہے اور ہم بھارت کی مذموم کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف دنیا کی توجہ مبذول کراتا رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کبھی حقیقت نہیں بن سکتا۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ دنوں میں ممبر پارلیمان جو مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے نامزد ہوئے ہیں وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے اور دنیا کو آگاہ کریں گے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور نے بین الاقوامی حالات اور خطے کی صورت حال پر صدر مملکت کو بریفنگ دی۔