عالمی رابطہ ادب اسلامی کا اجلاس علامہ اقبال انٹر نیشنل سیمینار کے انتظامات کا جائزہ اور اہم فیصلے کیے گئے

اجلاس میں مرکزی صدر مولانا حافظ فضل الرحیم، پروفیسر ڈاکٹر سعد صدیقی، ڈاکٹر خالق داد ملک، ڈاکٹر محمود الحسن عارف اور دیگر کی شرکت

منگل 30 اگست 2016 19:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء ) عالمی رابطہ ادب اسلامی پاکستان کا ایک اہم اجلاس گذشتہ روز مرکزی صدرمولانا حافظ فضل الرحیم کی زیر صدارت شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی، نائب صدر ڈاکٹر خالق داد ملک،ڈاکٹر محمود الحسن عارف، ڈاکٹر حافظ عبدالقدیر، ڈاکٹر حافظ سمیع اﷲ فراز، ڈاکٹر مفتی محمد زاہد، خرم حنیف اور مرکزی ترجمان حافظ مجیب الرحمن انقلابی نے شرکت کی، اجلاس میں 30-29 اکتوبر 2016 کو عالمی رابطہ ادب اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل علامہ اقبال سیمینار کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیااور اہم فیصلے کئے گئے سیمینار کے انتظامات کے لیے پانچ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن میں مجلس انتظامیہ کے نگران مولانا حافظ فضل الرحیم، مجلس منتظمہ کے نگران پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ، مجلس علمیہ کے نگران ڈاکٹر محمود الحسن عارف،مجلس مالیہ و محاسبہ کے نگران ڈاکٹر خالق داد ملک اور مجلس نشر واشاعت کے نگران مجیب الرحمن انقلابی ہونگے ۔

(جاری ہے)

اس سیمینار میں سعودی عرب،مصراور دیگر ایک درجن سے زائد ممالک سے عالمی رابطہ ادب اسلامی کے عہدیداران وذمہ داران شرکت کریں گے۔اجلاس میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاذ الحدیث پروفیسر مولانا محمد یوسف خان کی اہلیہ اور علمی و ادبی شخصیت عبدالغفار عزیز کے والد حکیم عبدالرحمن عزیز کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :