چیئرمین واپڈا کو کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی وجہ سے نہیں ہٹایا گیا ،کرپشن اور اووربلنگ کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ‘ عابد شیر علی

وزیر اعلیٰ کے پی کے 5گرڈ اسٹیشن کیلئے جگہ فراہم نہیں کر رہے ، لو ڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے پر ویز خٹک کے گھر کے باہر دھرنا دوں گا‘ وزیر مملکت پانی و بجلی کا لیسکو کے مختلف دفاتر کا ہنگامی دورہ ، اوور بلنگ پر 3میٹر ریڈر اور تین میٹر انسپکٹرز کو معطل کر دیا

منگل 30 اگست 2016 19:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا کو کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی وجہ سے نہیں ہٹایا گیا ،کرپشن اور اووربلنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ،عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری بھی ’’را ‘‘ کے ایجنٹ ہیں ،دونوں میں نہ مانوں کی سیاست کرتے ہیں اور دھرنے کے بعد ملک سے باہر چلے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں لیسکودفاتر کے ہنگامی دوروں کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اووربلنگ پر 3میٹر ریڈر اور تین میٹر انسپکٹر ز کو معطل کردیا اور ناقص کا رکردگی پر اہلکاروں کی سرزنش بھی کی ، ایک ایس ایچ او کے خلاف چارج شیٹ بنائی ، لوگوں کے مسائل سنے اور حل کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا محاسبہ کیا جا رہا ہے اور کرپشن میں ملوث ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور اوور بلنگ میں ملوث افسران کے کیسز نیب کو بھجوائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری بھی ’’ را ‘‘ کے ایجنٹ ہیں کیونکہ وہ دھرنے اور احتجاجوں کی مستقل سیاست کر کے صرف اور صرف ملک دشمن عناصر کو فائدہ پہنچا رہے ہیں ۔ عمران خان اور طاہر القادری مین نہ مانوں کی سیاست کرتے ہیں ، عمران خان خوشی کے دنوں میں کو دھرنوں میں بدل دیتے ہیں ڈر ہے کہ عمران خان لاہور آئیں تو لاہوریے کوئی گڑ بڑ نہ کر دیں کیونکہ لاہورئیے زندہ دل لوگ ہیں یہ گردن بھی توڑ دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنوں اور احتجاج کی بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دیں ۔ موجودہ حکومت بجلی کے نظام کی بہتری کی جانب توجہ دے رہی ہے اور 2018میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے دکھائیں گے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پر ویز خٹک 5گرڈ اسٹیشن کے لئے جگہ فراہم نہیں کر رہے ، لو ڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے پر ویز خٹک کے گھر کے باہر دھرنا دوں گا۔اگر مستقبل میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہوا تو وہ خیبر پختونخوا میں ہو گا ، خیبر پختونخوا کے عوام کا مقدمہ خود لڑوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور اووربلنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔چیئرمین واپڈا کو کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی وجہ سے نہیں ہٹایا گیا ، لیسکو افسران عوام کے خادم بنیں، بدمعاشی اب نہیں چلے گی ۔