سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی بے لوث خدمت ان کا مشن ہے،امیتازشاہد

صحت کی سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے صوبائی حکومت نے ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکس سٹاف کی تنخواہیں بڑھا دی ہے اب ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکس اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیں ،غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولت بہم پہنچائیں،وزیرقانون کے پی کے

منگل 30 اگست 2016 18:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس کا جواب حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کر کے دے رہے ہیں، سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی بے لوث خدمت ان کا مشن ہے ۔حلقہ پی کے 39میں چھوٹے بڑے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر مرحلہ وارکام جاری ہے اوروہ عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سول ہسپتال شکردرہ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحصیل ناظم اشفاق قریشی ،ویلج ناظمین،کونسلران اورعلاقہ مشران بھی موجود تھے۔وزیر قانون نے کہا کہ صحت کی سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے صوبائی حکومت نے ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکس سٹاف کی تنخواہیں بڑھا دی ہے اب ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکس اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیں اور غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولت بہم پہنچائیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے سول ہسپتال کے دورہ کے موقع پرزیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال سے ملنے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اس موقع پر وزیر قانون نے ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹراورمیڈیکل سٹاف کے مسائل سنیں اور ان کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔امتیاز شاہد نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے سول ہسپتال شکردرہ میں ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹر تعینات کر دئیے گئے مزید ،نرسز،میڈیکل سٹاف کی فراہمی بھی جلد عمل میں لائی جائے گی ہسپتال کو ڈی گریڈ میں آپ گریڈ کر دیا گیا جس کے لیے صوبائی حکومت نے تقریباََ 25 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی ہے جس پر بہت جلد کام شروع ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے جس سے عوام استفادہ حاصل کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :