خیبرپختونخوا کے 24سرکاری کالجز میں بائیومیٹرک نظام متعارف کرایا ہے،مشتاق غنی

سرکاری کالجز میں سیاسی مداخلت کے خاتمے اور میرٹ کو برقرار رکھنے کیلئے سرکاری کالجز میں آن لائن ایڈمیشن شروع کئے گئے،صوبائی مشیراطلاعات

منگل 30 اگست 2016 18:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ صوبہ کے 24سرکاری کالجز میں بائیومیٹرک حاضری نظام متعارف کرایا جا چکا ہے جبکہ پہلی بار سرکاری کالجز میں سیاسی مداخلت کے خاتمے اور میرٹ کو برقرار رکھنے کیلئے سرکاری کالجز میں آن لائن ایڈمیشن شروع کئے گئے ،یہ بات انہوں نے منگل کے روز گورنمنٹ کالج پشاور میں بائیو میٹرک حاضری نظام کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرکاری کالجز کے 215طلباء و طالبات نے بورڈز میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں جو اس بات کی عکاس ہے کہ شعبہ تعلیم میں حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،موجودہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی شعبہ تعلیم پر ایمرجنسی نافذ کی اور بجٹ میں سب سے زیادہ رقم مذکورہ شعبہ کیلئے مختص کی گئی، اس کے ساتھ ہی پرائمری سے لے کر یونیورسٹی کی سطح تک تعلیم میں بہتری لانے کیلئے مذکورہ شعبوں کے دانشوروں سے مشاورت کے بعد اصلاحات کا عمل شروع کیاجو تا حال جاری ہے،انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تمام سرکاری کالجز کو ماڈل کالجز بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے لیکن اس کیلئے کالجز کو بھی بہتر نتائج دینا ہوں گے کیونکہ حالات اور میسر وسائل میں رہتے ہوئے بہتری کی طرف جانا زندہ قوموں کی پہچان ہے اور صوبہ کے تمام بورڈز میں سرکاری کالجز کے بہترین نتائج اساتذہ کی محنت اور ایمانداری کا نمونہ ہے،مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ بائیومیٹرک نظام کئی اداروں میں متعارف کرایا جا چکا ہے ،کالجز میں اس نظام کی تنصیب کا مقصد اساتذہ کی روزانہ کی بنیادوں پر حاضری چیک کرنا ہے کیونکہ ماضی میں استاد ڈیوٹی کرتے ہی نہیں تھے لیکن موجودہ حکومت نے تمام اساتذہ کو حاضری یقینی بنانے کا پابند کیا ہے، تقریب میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم فہیم وزیر اور پرنسپل گورنمنٹ کالج فضل سبحانی کے علاوہ اساتذہ سمیت طلباء و طالبات بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :