سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات سندھ ان منتخب نمائندوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی،جام خان شورو

ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے جتنی قربانیاں ہمارے قائدین نے دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی،وزیر بلدیات سندھ

منگل 30 اگست 2016 18:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے صوبے بھر میں اپنے عہدوں کا حلف لینے والے مئیر، ڈپٹی مئیرز، چیئرمین اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات سندھ ان منتخب نمائندوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور اس ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے جتنی قربانیاں ہمارے قائدین نے دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔

ہم منتخب نمائندوں کو قانون کے مطابق تمام اختیارت کی فوری منتقلی پر یقین رکھتے ہیں اور انشاء اﷲ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے بھر میں عوامی ووٹوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے سب سے پہلے سندھ اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی کی۔

لیکن افسوس کہ چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس پر عدالتوں میں جانے کے باعث انتخابات اور بعد ازاں میئرز، ڈپٹی مئیر اور چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات التواء کا شکار ہوئے۔ جام خان شورو نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور خصوصاً صوبہ سندھ کی تاریخ کا اہم دن ہے، جب جمہوریت کا ایک اور باب رقم ہوا اور بلدیاتی نمائندوں کو نچلی سطح تک اختیارات منتقل کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہیدذوالفقار علی بھٹو، ہماری شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو نے اس ملک میں جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تو ہمارے شریک چیئرمین محترم آصف علی زرداری نے سالہا سال قید و بند کی صہوبتیں برداشت کی اور پھر بھی انہوں نے ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگا کر یہ بات ثابت کردی کہ پاکستان سب سے پہلے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے بعد اب تمام منتخب نمائندوں کی حلد برداری کا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے اور انشاء اﷲ تمام منتخب نمائندے صوبے میں اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں عوامی مسائل کے حل میں کوشاں رہیں گے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات ان کے ساتھ شانہ بشانہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :