امریکہ اور بھارت کے جنگی تعاون کے معاہدے خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں،ثروت اعجاز قادری

مسئلہ کشمیر کو دبانے اور پاک چین راہداری کو متاثر کرنے کیلئے امریکہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیاہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

منگل 30 اگست 2016 18:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) سر براہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ امریکہ اور بھارت کے جنگی تعاون کے معاہدے خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں،امریکہ پاکستان کے ساتھ منافقانہ کھیل کھیل رہا ہے مسئلہ کشمیر کو دبانے اور پاک چین راہداری کو متاثر کرنے کیلئے امریکہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیاہے،بھارت کے سر پر جنگی جنون سوار ہے جو پاکستان کو خوف میں مبتلا کرنے کے جھوٹے خواب دیکھ رہا ہے،پاکستان خود مختار اور اٹیمی قوت ہے امریکہ اور بھارت ایسے کسی بھی حربے سے پاکستان کو ڈرایا نہیں جا سکتا،کشمیری مسلمانوں کی آزادی ایک حقیقت ہے جسے امریکہ ،بھارت سمیت پوری دنیا کو تسلیم کرنا ہی ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے پنجاب کے صوبائی رہنماؤں کے اہم اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ، ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت نے کشمیر کو جتنا آسان ہدف سمجھ رکھا ایسا ممکن نہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نا دیا جائے ۔کشمیریوں کو آزادی دئے بغیر دنیا میں سلامتی کو یقینی نہیں بنا یا جا سکتا۔

محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ پا کستان کو چاہئے کہ چین ،ایران اور افغانستان کے ساتھ مل کر امریکہ اور بھارت کے منفی عزائم کا مقابلہ کرے،پاکستان کی خود مختاری پر کسی کو ضرب نہیں لگانے دی جائے گی، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کسی بھی دوسرے ملک کیلئے باعث تشویش یا خطرہ نہیں ہے ،بلکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں معاشی انقلاب برپاء کرے گا ،امریکہ کو چاہئے کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کو بڑھانے اور بڑھکانے کی بجائے خطے کی سلامتی اور امن کیلئے معاشی استحکام لائے تاکہ دنیا کو غربت اور جہالت کی بدولت ہونے والی تباہی سے بچایا جا سکے ،ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ امریکہ کو چا ہئے کہ وہ بھارت کے ساتھ جنگی معاہدوں کی بجائے غربت اور بے روز گاری ختم کرنے کے معاہدے کرے تاکہ غربت سبب بھارت میں ہونے والی ہلاکتوں میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ اگر امریکہ اور بھارت یہ سوچتے ہیں کہ وہ خطے میں طاقت کا توازن بیگاڑکر مسئلہ کشمیر سے پاکستان اور دنیا کی توجہ ہٹا دیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔