بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے مدِ نظر ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں انسٹرکٹرز کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے خصوصی پروگرام کا آغاز

پروگرام کا مقصد ڈزاسٹر مینجمنٹ فائر، ریسکیو ، میڈیکل اور دیگر اقسام کی ایمرجنسیز سے متعلق ریسکیو انسٹرکٹرز کی انسٹرکشنل مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے ‘بریگیڈئرامیرحمزہ

منگل 30 اگست 2016 18:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء ) انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ (انسراگ) سے بین الاقوامی سرٹی فیکیشن کے حصول کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی (ریسکیو 1122)بریگیڈئرامیرحمزہ نے وسیع پیمانے پر انسٹرکٹرز کی تدریسی مہارتوں میں اضافہ کا خصوصی پروگرام شرو ع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ڈزاسٹر منیجمنٹ، فائر، ریسکیو ، میڈیکل اور دیگر اقسام کی ایمرجنسیز سے متعلق ریسکیو انسٹرکٹرز کی انسٹرکشنل مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی انٹر نیشنل کمیونٹی کے ساتھ سرٹی فیکیشن کے مرحلے میں ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ انسٹرکٹرز بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنے مقامی ایمرجنسیز کے متعلق مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنی تدریسی استعدادِ کار میں اضافہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں 14نئے انسٹرکٹرز (4پنجاب، 3گلگت بلتستان اور 7خیبر پختونخواہ)نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کو جوائن کیا ہے تاکہ انہیں ماہر افرا د کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے ایک تجربہ کارماہرین کی ٹیم پیدا کی جاسکے۔

اس لیے بہتر نتائج کی غرض سے، اس پروگرام میں پاکستان آرمڈ فورسز، لاء ا ن فورسمنٹ اینڈ سکیورٹی ایجنسیز، پنجاب فورینزک سائنس لیبارٹری، پنجاب پولیس، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنز اور دیگر اداروں کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے، پاکستان نیوی لاہور کے سٹیشن کمانڈر کموڈور ایس ایم شہزاد نے ریسکیو انسٹرکٹرز اور کیڈٹس سے کہا کہ وہ بین الاقوامی معیار و ضروریات پر پورا اترنے کے لئے اپنی تدریسی استعدادِ کار میں اضافہ کریں۔

اسی طرح، تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے کہا کہ یہ تربیتی ادارہ نیشنل سنٹر آف ایکسیلینس میں ڈھل چکا ہے جو دیگر صوبوں بشمول خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، آزاد جموں اینڈ کشمیر، بلوچستان اور سندھ کی ایمرجنسی سروسز کو تکنیکی معاونت کو فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تجاویز پر مثبت عمل درآمد کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی ریسکیو 1122نے اُن انسٹرکٹرز کو اگلے سکیل میں ترقی دی ہے جنہیں یہاں تربیت فراہم کی گئی تھی جو کہ ایک خوش آئند عمل ہے۔

رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر محمد فرحان خالد نے ڈائریکٹر جنرل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں جاری موجودہ ایڈ وانس ٹریننگ فار انسٹرکٹرز کورس میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے 45انسٹرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کورس میں کچھ افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاک آرمی میں ڈزاسٹر منیجمنٹ کے تجربہ کو سامنے رکھتے ہوئے وہ خود بھی انسٹرکٹرز کے ساتھ تربیتی سیشن میں شریک ہونگے تاکہ اس پروگرام کے شرکاء کو بہتر انداز میں ٹرین کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :