گورنر پنجاب سے نئے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور ،دو طرفہ تعاون کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال

مختلف شعبوں میں امریکہ کا پاکستان سے تعاون قابل تعریف ہے خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبے میں امریکی تعاون سے پاکستان میں ان شعبوں میں بہتری آرہی ہے ‘ رفیق رجوانہ

منگل 30 اگست 2016 18:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں امریکہ کا پاکستان سے تعاون قابل تعریف ہے خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبے میں امریکی تعاون سے پاکستان میں ان شعبوں میں بہتری آرہی ہے ،ان کی خواہش ہے کہ امریکہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دے،اس مقصد کے لئے امریکی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو پاکستان میں اپنے کیمپس کھولنے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی،امریکہ یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان میں عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے جو اقدامات کر رہا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نئے تعینات ہونے والے امریکی قونصل جنرل مسٹر یوری فیڈکیو سے گفتگو کے دوران کیا ، جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر بنیادی سہولتوں کی فراہمی موجودہ سیاسی قیادت کا مشن ہے اور پہلی مرتبہ انفراسٹریکچر اور سوشل سیکٹر پر ریکارڈ فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کیہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں عوام کے معیار زندگی میں بہتری آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی در حقیقت موجودہ پالیسیوں پر عوام کے اظہار کا مظہر ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا سی پیک کا منصوبہ خطے میں گیم چینج ثابت ہو گا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک بھی مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ صرف اس کی اپنی سر زمین کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے اَمن کے َامن سے جڑئی ہوئی ہے ، یہی وجہ ہے کہ اس ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سیاسی ، عسکری قیادت، تمام سیاسی قوتیں اورپاکستان کا بچہ بچہ پر عزم ہے ۔امریکی قونصل جنرل مسٹر یوری فیڈکیونے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئے شعبے تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بطور قونصل جنرل تعیناتی ان کے لیے اعزاز ہے اور انہیں اس اہم تاریخی اور ثقافتی شہر کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔