قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف ٗ الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر پر مذمتی قرار داد منظور

اسرائیل اور بھارت سے مدد مانگنے کا عمل شرمناک قرار ٗ غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کمیٹی نے آرمی ایکٹ 2015 میں ترمیمی بل کی بھی منظوری دے دی

منگل 30 اگست 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے متحدہ قائد کے پاکستان مخالف تقریر پر مذمتی قرار داد منظور کر لی ، قرار داد میں اسرائیل اور بھارت سے مدد مانگنے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی نے آرمی ایکٹ 2015 میں ترمیمی بل کی بھی منظوری دے دی ۔

(جاری ہے)

منگل کو چودھری محمود بشیر ورک کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا ۔ کمیٹی نے متحدہ قائد کی پاکستان مخالف تقریر کیخلاف مذمتی قرار داد منظور کر لی ۔ تحریک انصاف کے عارف علوی کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ متحدہ قائد کیخلاف آرٹیکل چھ اور آرٹیکل 17 بی کے تحت کارروائی کی جائے ۔ ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے بھارت اور اسرائیل سے مدد مانگنا شرمناک ہے ۔