بلاول بھٹو زرداری کی سندھ بھر میں حلف اٹھانے والے میئرز اور چیئرمین کو مبارکباد

صوبہ سندھ نے پہلی بار جماعتی بنیادوں کے تحت بلدیاتی نظام حاصل کیا ہے، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

منگل 30 اگست 2016 17:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ بھر میں حلف اٹھانے والے میئرز اور چیئرمین کو مبارکباد دی ہے،آج عوامی تقریبات میں حلف اٹھانے والے سندھ بھر کے 200سے زائد میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج بلدیاتی حکومتوں کی تاریخ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے، بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کی حیثیت سے جنہوں نے حلف اٹھایا ہے انہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے عوام کی خدمت کا ذمہ بھی اٹھایا ہے، انہیں اب عوام کو صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ دیگر شہری سہولیات ان کے دروازے تک پہنچانے کی کارکردگی بھی دکھانی ہوگی،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبہ سندھ نے پہلی بار جماعتی بنیادوں کے تحت بلدیاتی نظام حاصل کیا ہے، بنیادی سہولیات میسر کرنے کے ساتھ ساتھ جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے عوام کی بھرپور شمولیت کے ساتھ بلدیاتی اداروں کونچلی سطح پر جمہوریت کی نرسریز کا کام کرنا ہوگا،بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی انتخابات میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر ایم این اے فریال تالپر کی انتھک کاوشوں کو سراہا جس کی وجہ سے پیپلزپارٹی نے سندھ بھر سے ضلعی چیئرمین کی تمام سیٹوں پر کامیابی حاصل کی اور ٹاؤنزپر بھی بھاری اکثریت سے جیت حاصل کی،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھی خوشی ہے کہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹوں پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے18امیداور بھی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے طور منتخب ہوئے ہیں جس سے جمہوریت اور بلدیاتی اداروں کے شان میں اضافہ ہوا ہے،پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے بلدیاتی اداروں کے نو منتخب سربراہوں سے کہا ہے کہ وہ سچائی اور لگن سے عوام کی اس طرح خدمت کریں تاکہ ان کے اس عمل کی باقی صوبوں کے بلدیاتی اداروں کے سربراہان پیروی کریں۔