Live Updates

تحریک انصاف کی 3 ستمبر کے مارچ میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی کو دعوت

بیرسٹر اعتزاز احسن نے شرکت کو پارٹی قیادت کے فیصلے سے مشروط کردیا پاناما پیپرز سے متعلق تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کا موقف یکساں ہے ٗ تحقیقات کا آغاز وزیر اعظم کے خاندان سے ہونا چاہیے ٗ اعتزاز

منگل 30 اگست 2016 17:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے 3 ستمبر کے مارچ میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کو دعوت دیدی ہے جبکہ بیرسٹر اعتزاز احسن نے شرکت کو پارٹی قیادت کے فیصلے سے مشروط کردیا ہے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں سیاسی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، اس صورت حال میں ہم پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں گے کیونکہ حکومت کی ہٹ دھرمی اور رویے کے باعث ٹی او آر کمیٹی اپنی موت آپ مر گئی ، اس میں اب کوئی جان دکھائی نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے بل مرتب کیا ہے جس میں اپوزیشن کی 9 جماعتوں کے نکات شامل ہیں، ہماری آخری نشست میں ایم کیو ایم کے صاحبان بھی موجود تھے جس کے بعد ایم کیو ایم نے علیحدگی اختیار کی ۔

(جاری ہے)

ہم نے اس بل کو من و عن قبول کیا اور اس پر تائید کیلئے دستخط بھی کئے ہیں، اعتزاز احسن اس بل کو جب بھی سینیٹ میں پیش کریں گے تحریک انصاف ان کا ساتھ دے گی۔

اس موقع پر بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما پیپرز سے متعلق تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کا موقف یکساں ہے، پاناما کے انکشافات میں جن کا نام آیا ہے ان کا بلاامتیاز اور یکساں ضابطوں پر احتساب ہونا چاہیے، یہ ممکن نہیں کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کی تحقیق ہو، ضابطہ بھی وہ خود بنائیں۔ تحقیقات کا آغاز وزیر اعظم اور ان کے خاندان سے ہونا چاہیے، وزیراعظم کے بچوں کے نام آئے ہیں،ان کو نام کلیئر کرنے کا موقع پہلے ملنا چاہیے، وزیراعظم نے خود اپنے آپ اور اپنے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہاکہ شاہ محمود قریشی نے ان کی جماعت کو 3 ستمبر کے مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس حوالے سے پارٹی کی مرکزی قیادت فیصلہ کرے گی۔ ریلی میں شرکت کی دعوت پر کوئی مثبت نتیجہ نکلے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پانامہ لیکس پرحکومت سے مزاکرات مردہ گھوڑا بن چکے ٹی اور آرز کمیٹی میں بھی جان نہیں رہی۔میڈیا سے بات کرنے سے قبل شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹر اعتزاز احسن بھی موجود تھے۔

اس دوران پانامالیکس پر وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے پر مشاورت کی گئی جبکہ شاہ محمودقریشی نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر ریفرنس پر بھی اعتماد میں لیا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 3 ستمبر کو لاہور میں احتساب مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس کی قیادت پارٹی کے چیئرمین عمران خان کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات