مختلف شعبوں میں امریکہ کا پاکستان سے تعاون قابل تعریف ہے‘ امریکی تعاون سے پاکستان میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے‘ خواہش ہے امریکہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون کو وسعت دے‘ پاکستان میں اپنے کیمپس کھولنے کیلئے امریکی یونیورسٹیوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی امریکی قونصل جنرل یوری فیڈکیوسے گفتگو

منگل 30 اگست 2016 17:48

لاہور۔30 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اگست ۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں امریکہ کا پاکستان سے تعاون قابل تعریف ہے خصوصا امریکی تعاون سے پاکستان میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے، خواہش ہے کہ امریکہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دے، پاکستان میں اپنے کیمپس کھولنے کے لئے امریکی یونیورسٹیوں و تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نئے تعینات ہونے والے امریکی قونصل جنرل یوری فیڈکیوسے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی،گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکہ یو ایس۔

(جاری ہے)

ایڈ کے ذریعے پاکستان میں عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے جو اقدامات کر رہا ہے وہ قابل تعریف ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکال کر بنیادی سہولتوں کی فراہمی موجودہ سیاسی قیادت کا مشن ہے اور پہلی مرتبہ انفراسٹرکچر اور سوشل سیکٹر پر ریکارڈ فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آرہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی در حقیقت موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے اظہار کا مظہر ہے، گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک بھی مستفید ہوں گے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ صرف اس کی اپنی سر زمین کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے اَمن سے جڑئی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ اس ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت تمام سیاسی قوتیں اورپاکستان کا بچہ بچہ پر عزم ہے ،امریکی قونصل جنرل یوری فیڈکیو نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئے شعبے تلاش کرنے کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور میں بطور قونصل جنرل تعیناتی ان کے لیے اعزاز ہے اور انہیں اس اہم تاریخی اور ثقافتی شہر کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔