وفاقی وزیر خزانہ نے نیشنل فنانس کمیشن بارے جولائی تا دسمبر 2015ء کیلئے پہلی ششماہی مانیٹرنگ رپورٹ کی باضابطہ منظوری دیدی

منگل 30 اگست 2016 17:48

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیشنل فنانس کمیشن بارے جولائی تا دسمبر 2015ء کیلئے پہلی ششماہی مانیٹرنگ رپورٹ کی باضابطہ منظوری دیدی۔ اس حوالے سے ایک اجلاس منگل کو یہاں اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز خزانہ اور نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں کسی صوبے کی جانب سے بھی رپورٹ میں وفاقی کھاتوں اور مجموعی وصولیوں سے متعلق اعداد و شمار پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا جس کے بعد وزیر خزانہ نے رپورٹ کی منظوری دی۔ یہ رپورٹ بدھ کو مزید کارروائی کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مانیٹرنگ رپورٹ برائے این ایف سی کے مطابق جولائی تا دسمبر 2015ء کے عرصہ کے دوران ایف بی آر کی وصولیوں کا مجموعی حجم 1448.79 ارب روپے رہا جبکہ قابل تقسیم محاصل 1415.17 ارب روپے رہے۔

رپورٹ کے مطابق قابل تقسیم محاصل میں سے صوبہ پنجاب نے 51.74 فیصد، صوبہ سندھ نے 24.55 فیصد، خیبر پختونخوا نے 14.62 فیصد جبکہ بلوچستان نے 9.09 فیصد فنڈز وصول کئے۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے خیبر پختونخوا کو 14.02 ارب روپے اور بلوچستان کو 5.47 ارب روپے اضافی دیئے گئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے این ایف سی کا آئندہ اجلاس جلد از جلد منعقد کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سہ ماہی اور ششماہی دونوں اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے این ایف سی سیکرٹریٹ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں کو اس سیکرٹریٹ سے ڈیٹا حاصل کرنا چاہئے۔