نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر کے بیروزگاری کا خاتمہ اسٹیوٹا کا بنیادی مقصد ہے ،شاہد عبد السلام تھیم

فنی تربیت کی فراہمی کے 250اداروں سے اب تک 40ہزار طلباء و طالبات تربیت حاصل کرچکے ہیں ،معاون خصوصی برائے اسٹیوٹا

منگل 30 اگست 2016 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء)نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرکے بیروزگاری کا خاتمہ اسٹیوٹا کا بنیادی مقصد ہے یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(اسٹیوٹا) شاہد عبدالسلام تھیم نے آج اسکِل ڈیولپمنٹ کونسل کے زیرِاہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان ــ"کومپیٹینسی بیڈ ٹریننگ "کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ سندھ میں فنی تربیت کی فراہمی کے لئے 250ادارے کام کررہے ہیں ،جن سے اب تک 40ہزار طلبہ و طالبات فنی تربیت حاصل کر چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اسٹیوٹا اس مقصد کے حصول کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے جبکہ خیرپور کالج آف ٹیکنالوجی کا قیام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فنی تربیت کی فراہمی سے ہی بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہے ۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں کو شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔