تمام اسکولز میں سیکیورٹی و صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے،جام مہتاب حسین ڈھر

جہاں اساتذہ کی کمی ہے وہاں اساتذہ مہیا کئے جائیں گے ،اورلیبارٹریز کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا،وزیر تعلیم سندھ

منگل 30 اگست 2016 17:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی بہتری کے ساتھ تدریسی عملے کی کمی کو پورا کیا جارہا ہے ۔جہاں اساتذہ کی کمی ہے وہاں اساتذہ مہیا کئے جائیں گے ،اورلیبارٹریز کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا ،یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول خلدآباد ضلع ملیر کے اچانک دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کی انہوں نے اسکول کے دورے کے دوران صفائی کی ناقص انتظامات اور مناسب سیکیورٹی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ہیڈ مسٹریس اور ڈی اوزکو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ اسکول میں نہ صرف صفائی اور سیکیورٹی کو بہتر کریں بلکہ طالبات کے لئے مناسب فرنیچر کا انتظام کریں تاکہ بچیاں ایک بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اسکول میں سائنس ٹیچرز کی کمی کو پورا کیا جائے گا اسکول انتظامیہ اپنی ضروریات کے بارے میں فوری آگاہ کرے ،انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملحقہ آبادی کے افراد اپنے گھر وں کا کچرہ اسکول کے اندر پھینکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے جب تک معاشرے کے تمام افراد صوبے میں تعلیم کی بہتری کے لئے کام نہیں کریں گے اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے ،انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں تمام ڈی اوز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ تمام سرکاری اسکولز میں صفائی و سیکیورٹی کے انتظامات کو تسلی بخش بنائیں اور ان تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو بھی اس بات کاپابند بنائیں کہ وہ اس معاملے میں کوئی غفلت نہ برتیں۔

متعلقہ عنوان :