ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا‘رانا مشہود احمد

منگل 30 اگست 2016 17:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء ) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،ہمیں مثبت سرگرمیوں سے نوجوانوں کی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی و کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی شکل میں روشن اور مستحکم پاکستان دیکھ رہا ہوں۔ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں فروغ تعلیم اور جہالت کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور ،ٹھوس اور مثالی اقدامات کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

صوبہ میں تعلیم کا بجٹ دو ارب سے بڑھا کر 22ارب کر دیا گیا ہے ۔ہر سال ہزاروں اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ،اساتذہ کا تربیتی پروگرام، سکولوں و کالجوں کی تعداد میں اضافہ ،سائنس و کمپیو ٹر لیبارٹریوں کا قیام ،نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ اور طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم،غیر ملکی مطالعاتی دورے اور ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو گارڈ آف آنر پنجا ب حکومت کی جانب سے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے،پنجاب بھر میں میرٹ پر ایجو کیٹرز کی بھرتی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے مرحلہ میں بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کی محنت اور لگن سے سرکاری سکولوں کے نتائج میں بہتری آئی ہے جس سے تبدیلی کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، نوجوان ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ محنت ، لگن اور معیاری تعلیم حاصل کر کہ ہی معاشرے میں با وقار مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :