پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی اور میڈیا دفاتر پر حملے ناقابل برداشت ہیں،فرحانہ قمر

منگل 30 اگست 2016 15:41

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اگست۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی رکن قومی اسمبلی بیگم فرحانہ قمرنے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی اور میڈیا دفاتر پر حملے ناقابل برداشت ہیں منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت و استحکام ہمیں ہر شے پر مقدم ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے محب وطن نہیں ہوسکتے، الطاف حسین کے بیان نے پوری قوم کے دلوں کوٹھیس پہنچائی ہے،ان کے اس بیان سے جو انتشار کی فضاپیدا ہوئی وہ قابل افسوس ہے۔

بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ کوئی بھی محب وطن جماعت پرتشدد سیاست کی کبھی حمایت نہیں کرسکتی،اپنے حقوق کے حصول کیلئے پرامن احتجاج کی شکل میں آئینی جدوجہد ہی بہترین راستہ ہے، ملک دشمن عناصر ہمیں داخلی سازشوں کا شکار کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ،ان عناصر کے کو شکست دینے کیلئے ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کودانشمندی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہر قسم کی مصلحت کو بالائے طاق رکھ کر تمام محب وطن قوتیں اس ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہوجائیں،ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :