بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرسے”ناپسندیدہ “شخصیت جیساسلوک

عبدالباسط کو اب تک کسی بھی اعلیٰ بھارتی شخصیت سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی،ترجمان دفترخارجہ

منگل 30 اگست 2016 14:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اگست۔2016ء) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے بھارتی حکام ”ناپسندیدہ شخصیت“کاسلوک کررہے ہیں اور انہیں اب تک بھارتی خارجہ امورکے وزیریاکسی بھی اوراعلیٰ بھارتی شخصیت سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔عبدالباسط کو فروری 2014ء میں بھارت میں پاکستان کاہائی کمشنرتعینات کیاگیاتھا،اس سے پہلے وہ جنوری میں پاکستان کے سفیرکے طورپرخدمات انجام دے رہے تھے۔

دفترخارجہ کے ذرائع نے آن لائن کوبتایاکہ بھارت کی خارجہ امورکی وزیرشسماسوراج نے پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کی طرف سے باضابطہ ملاقاتوں کیلئے کی گئی بار بار درخواستوں کو درخور اعتنا نہیں سمجھا۔ ذرائع کے مطابق عبدالباسط کی عقابی شخصیت اورغیرضروری جارحانہ مزاج کے باعث بھارتی پالیسی ساز ان سے ملنے سے کتراتے ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالباسط کسی بھی بھارتی اہم عہدیدارسے تعلقات بنانے میں بھی ناکام رہے ہیں ۔

پاک بھارت تعلقات کے تناظرمیں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنرکے عہدے کوانتہائی اہم سفارتی ذمہ داری سمجھاجاتاہے ،اس سے پہلے بھارت میں شاندارکیرئیرکے حامل سفارتکاروں کو یہذمہ داری سونپی گئی جن میں جہانگیر اشرف قاضی، سلمان بشیر، ریاض کھوکھر اور عزیز اے خان جیسے لوگ شامل ہیں ۔جن کواعلیٰ پائے کی حامل شخصیات میں شامل کیاجاتاہے۔

ذرائع نے کہاکہ بھارتی حکام نے کئی مقام پرپاکستان سے زبانی اورباضابطہ اپیل کی ہے کہ عبدالباسط کوتبدیل کردیاجائے،یہ بھی معلوم ہواہے کہ سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری نے کئی بارمعاملہ عبدالباسط سے اٹھایاہے اورانہیں سخت صورتحال کے دوران پرسکون رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ذرائع نے کہاکہ عبدالباسط اپنے سخت موٴقف کے باعث کئی مواقع پرسیکرٹری خارجہ سے الجھے بھی ہیں ۔

دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریانے سیکرٹری خارجہ اورعبدالباسط کے درمیان اختلافات کی تردیدکرتے ہوئے کہاکہ اعزازچوہدری اوربھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرکے درمیان بہترین تعلقات ہیں ،تاہم انہوں نے اس بات پرتبصرہ کرنے سے انکارکردیاکہ عبدالباسط نے کبھی بھی بھارتی وزیرخارجہ یامودی انتظامیہ کے اعلیٰ افسرسے ملاقات نہیں کی ۔بھارت کے ایک عہدیدارنے نام شائع نہ کرنے کی درخواست پربتایاکہ جب بھی کوئی مسئلہ درپیش ہوتاہے ہم کوشش کرتے ہیں کہ پاکستانی ہائی کمشنرکونہ بلایاجائے ،بھارت نے پاکستان کے ساتھ 2014ء کوسیکرٹری سطح کے مذاکرات کواس ووقت منسوخ کردیاتھاجب عبدالباسط نے مذاکرات سے چندروزقبل آل پارٹیزحریت کانفرنس کے لیڈرشبیرشاہ سے ملاقات کی تھی

متعلقہ عنوان :