سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ‘یہ منصوبہ نہ صرف اس ریجن بلکہ وسطی ایشیاء سے لے کر مڈل ایسٹ تک معاشی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا‘ سی پیک منصوبہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا‘کشمیری عوام پاکستان کے معاشی اور جمہوری استحکام پر یقین رکھتے ہیں ‘جمہوری طور پر مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کی ناگزیر ضرورت بن چکا ہے

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کاسی پیک کانفرنس اور ایکسپو کے دوسرے سیشن سے خطاب

منگل 30 اگست 2016 13:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔یہ منصوبہ نہ صرف اس ریجن بلکہ سینٹرل ایشیاء سے لے کر مڈل ایسٹ تک معاشی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سی پیک منصوبہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں سی پیک کانفرنس اور ایکسپو کے دوسرے سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلی خیبر پختونخواہ ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیرنے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے معاشی اور جمہوری استحکام پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ جمہوری طور پر مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کی ناگزیر ضرورت بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستانی عوام کی خوشحالی میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس منصوبہ کی وجہ سے پاکستان کو چائنہ کی مارکیٹوں اور سلک روٹ کے ذریعے ایشیا ء اور یورپ تک معاشی رسائی حاصل ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف اس ریجن بلکہ سینٹرل ایشیاء سے مڈل ایسٹ تک معاشی خوشحالی و ترقی کا آغاز ہو گا۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر یقین کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی لیڈر شپ میں پاکستان مضبوط و مستحکم ہو گا اور پاکستان معاشی خوشحالی سے ہمکنار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی خوشحالی اور سوشل اکنامک ایجنڈا تکمیل کی طرف رواں دواں ہے اس سے پاکستان میں معاشی خوشحالی کی نئی رائیں متعین ہونگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے شکر گزارہیں جنہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ دیا ۔

انہو ں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو اللہ تعالیٰ نے بیش بہا نعمتوں سے مالا مال کر رکھا ہے یہاں پر ہائیڈرل جنریشن ،منرل ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ان قدرتی نعمتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرے گی اور آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی و معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی ، معاشی اور اقتصادی طور پرمستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی بہتر وکالت کر سکتا ہے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرواسکتاہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ CEPAK منصوبے سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ پورے خطے کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی اور پورا خطہ معاشی ِخوشحالی کی طرف گامزن ہو جائیگا۔