کراچی میں کتا مار مہم پر متعلقہ بلدیاتی اداروں سے رپورٹ طلب

منگل 30 اگست 2016 13:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء ) سندھ ہائیکورٹ نے شہر میں آوارہ کتوں کو ہلاک کرنے کیلیے چلائی جانے والی مہم پر کے ایم سی، کنٹونمنٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے سے رپورٹ طب کرلی ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کو ہلاک کرنے کے لیے چلائی گئی مہم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران مدعی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ بڑی تعداد میں کتوں کو مارنا غیرآئینی اورغیراخلاقی فعل ہے، عام شاہراہوں پرکتوں کو مارنے اور زہر ڈالنے سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لئے کتوں کی افزائش روکنے کیلئے دوسرا طریقہ اپنانے کا حکم دیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ، ڈی ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بلدیاتی ادارے آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن کرتے ہیں جس کے لیے وہ کتوں کو زہریلا کھانا دے کر مارتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :