ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی میں گھپلے ۔ مسجد، پولیس چوکی ۔قبرستان اور پارک بھی بک گیا، انصاف کیلئے ممبران کا مظاہرہ

منگل 30 اگست 2016 13:46

ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی میں گھپلے ۔ مسجد، پولیس چوکی ۔قبرستان اور پارک ..

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اگست۔2016ء ) ملٹری اکاؤنٹس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے ممبران نے سوسائٹی میں گھپلوں ، کرپشن بے ظابطگیوں اور محکمہ امدادِ باہمی کی نااہلی کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جس میں مطالبہ کیاگیا کہ سوسائٹی پر غیر قانونی طور پر قابض عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور فوری طور پر سوسائٹی کے الیکشن کرائے جائیں ۔

مظاہرین کی قیادت کرتے ہوئے چودھری عمران سندھو ، محمد نوید شیخ اور امین بیگ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کی وہ سوسائٹی کے الیکشن کرانے اور اور اس کے معاملات میں گھپلوں کی تحقیقات کرانے کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں ۔ نیز عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے محکمہ امدادِ باہمی کے ذمہ داروں کیخلاف بھی ایکشن لیں ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ظہیرالدین بابر ان کے بیٹوں عبداللہ بابر اور غازی بابر کی سربراہی میں سوسائٹی پر قابض عناصر نہ صرف سوسائٹی کے الیکشن نہیں ہونے دے رہے اور مسلسل لوٹ کھسوٹ کررہے ہیں بلکہ اس کا ریکارڈ بھی غائب کردیا ہے اور اس کا عذر یہ پیش کرتے ہیں کہ جب ایف بی آر کے حکام نے ظہیر الدین بابر کے اثاثوں او مبینہ ر ٹیکس چوری کی چھان بین کے بابت ان کے دفتر ظہیر ایسو سی ایٹس پر چھاپہ مارا تو وہ سارا ریکارڈ چھین کر لے گئے جس میں سوسائٹی کا ریکارڈ بھی شامل تھا حالانکہ ایف بی آر کا سوسائٹی کے ریکارڈ سے کوئی تعلق واسطہ نہیں بلکہ ایف بی آر تو صرف ظہیرالدین کیخلاف اثاثوں اور ٹیکس کی تحقیقات کررہا ہے ۔

سوسائٹی کا ریکارڈ ا غائب کرنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ نیب سمیت مختلف ریاستی ادارے ظہیرالدین بابر اور اس کے بیٹوں کی سربراہی میں سوسائٹی پر قابض عناصر کے گھپلوں اور بعض دیگر سرگرمیوں کی تحقیقات کررہے ہیں غائب کیے جانے والیریکارڈ میں غیر قانونی طور پر پلاٹوں کی ری الاٹمنٹ ، سوسائٹی اربوں روپے کے اثاثوں کی غیر قانونی فروخت ، ، آڈٹ رپورٹوں کا ریکارڈ کمیونٹی سنٹر ، پولیس چوکی ، مسجد، پارک اور قبرستان کیلئے مختص اراضی کی کی غیر قانونی فروخت کا ریکارڈ شامل ہے ۔

مظاہرین نے آرمی چیف ، وزیراعظم ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ، وزیراعلیٰ ، نیب حکام اور دوسرے ریاستی اداروں سے فوری نوٹس لینے ، کارروائی کرنے اور سوسائٹی کے ممبران کو انصاف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تحفظ فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ، ان کا کہنا تھا کہ سوسائٹی پر قابض عناصر حق بات کرنیوالوں کو مختلف ذرائع سے ڈراتے دھمکاتے ہیں اور جھوٹے مقدمات میں بھی الجھا دیتے ہیں ۔