کراچی کے عوام اب ”را“ کے ایجنٹوں کو ووٹ نہیں دیں گے،سید مصطفی کمال

کوئی یہ نہ سمجھے کراچی لاوارث ہے ،ہم شہر کے وارث ہیں،وفاقی حکومت بیان بازی کے بجائے الطاف حسین کیخلاف سنجیدہ کارروائی کرکے برطانوی حکومت سے رابطہ کرے،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

پیر 29 اگست 2016 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 اگست ۔2016ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام اب ”را“ کے ایجنٹوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔کوئی یہ نہ سمجھے کہ کراچی کوئی لاوارث ہے بلکہ ہم شہر کے وارث ہیں۔وفاقی حکومت بیان بازی کے بجائے الطاف حسین کے خلاف سنجیدہ کارروائی کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے رابطہ کرے۔

وہ پیر کو کورنگی نمبر ڈھائی پر پاک سر زمین پارٹی کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے ۔سید مصطفی کمال جب کورنگی پہنچے تو ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ وفاقی حکومت مہاجروں کے دکھوں کا مداوا کرے کراچی وطن پرستوں کا شہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورنگی کے عوام سے غلطی ہوگئی تھی لیکن آج انہوں نے استقبال کرکے وطن دشمنوں کو مسترد کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

سید مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن ایک پیج پر ہیں۔جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں ہم نے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے وہ سچے تب ہونگے جب وہ الطاف حسین کا دیا ہوا مینڈیٹ بھی واپس کر دیں۔انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والے محب وطن ہیں اگر کچھ لوگ راہ سے بھٹک گئے ہیں ان کی اصلاح کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کورنگی وطن پرستوں کا علاقہ ہے ۔

آج سے جرائم کی دنیا سے آزادی کا اعلان کرتے ہیں۔ملک کو گالی دینے والوں سے ہمارا آج سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ دشمنوں کو بھی بھی دوست بنانا ہے۔حکمرانوں کو آج یہ جان لینا ہوگا کہ کورنگی میں کوئی بھی غدار نہیں ہے۔ایک شخص جس کی پوجا کی اس نے ہمیں برباد کر دیا ہے۔آج بہت ساری مائیں اپنے بچوں کو ڈھونڈ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رینجر سے لڑانے والے آج رینجر زندہ باد کا نعرہ لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کچھ نہیں ملا ہے صرف 30 ہزار لاشیں لاپتہ افراد اور جیلیں ہی بھری پڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی پرچم اس ملک میں رہنے والے ہر مکتب فکر کا جھنڈا ہے اب کورنگی کے ہر چوک پر یہ جھنڈا نظر آنا چاہیے ۔ہم نے دو نسلیں تباہ کردی اب سوچنا ہوگا اورکچھ کرنا ہوگا۔میری ہر بات کو وقت نے سچ ثابت کیا ہے