چھوٹو گینگ کے سربراہ سمیت 16ملزمان کا19روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پیر 29 اگست 2016 22:54

ڈی جی خان ۔29اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اگست ۔2016ء) چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 16ملزمان کو ڈیرہ غازی خان میں انسداد دہشت کی خصوصی عدالت میں پیش کر دیا گیا، عدالت نے تمام ملزمان کا 19روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ، عدالت میں پیش کیے گئے ملزمان میں سے11کا تعلق راجن پور اور 2کا تعلق ڈی جی خان کے مختلف علاقوں سے ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق راجن پور کے کچہ کے علاقہ میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کیے گئے آپریشن کے دوران پاک آرمی کے سامنے ہتھارڈالنے والے چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو کو دیگر 15ساتھیوں سمیت سخت حفاظتی انتظامات میں ڈیرہ غازی خان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت کے جج وجاحت حسین خان نے پولیس کی جانب سے تھانہ بنگلہ اچھا کے مقدمہ نمبر 47/16میں غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 16ملزمان جن میں نادر ولد پیارا سکنہ رکھ شاہوالی، دین محمد ولد پیارا سکنہ رکھ شاہوالی، خالد عرف خالدی کجلانی رکھ چھابری ڈیرہ، اسحاق چنگوانی سکنہ پائیگاں ڈیرہ غازیخان، مولاں سکنہ کوٹ سبزل رحیم یار خان، غلام حیدر ولد پیارا سکنہ رکھ شاہوالی،حاکم ولد نواب سکنہ چک چراغ شاہ راجن پور، جمعہ عرف بوٹا رکھ شاہوالی، راشد ولد ڈھولا رکھ شاہوالی، بہرام ولد رشید سکنہ کوٹ سبزل رحیم یار خان، بشیر رکھ شاہوالی، رزاق ولد پیارا رکھ شاہوالی، ماجد ولد عبدالکریم قادر آبادخان گڑھ مظفر گڑھ، بھولا ولد ولی محمد سکنہ رکھ شاہوالی اور قاسم ولد نواب چک چراغ شاہ شامل ہیں کا19روزکا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا،ملزمان کی عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور عدالت جانیوالے تمام راستوں کو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے مکمل طور پر بند کر دیا تھا جبکہ احاطہ عدالت میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے علاوہ کسی شخص کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، واضح رہے کہ غلام رسول عرف چھوٹو کیخلاف 2003ء سے2011ء تک دہشت گردی کی دفعات کے تحت 4مقدمات درج کیے گئے جن میں سال 2003ء میں مقدمہ نمبر15/03سال 2004ء میں مقدمہ نمبر40/04 اور اسی طرح سال2011ء میں دو مقدمات 67/11اور69/11درج ہیں ، ملزمان کو 17ستمبر کو عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :