پاکستان نے گذشتہ سال کی کپاس فصل کو پہنچنے والے نقصانات پر قابو پالیا ہے ، آئندہ سیزن میں کپاس کی اندازاً 13ملین گانٹھیں حاصل ہونے کی توقع ہے، وزیر تجارت کی زیر صدارت ہونے والے فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کے چوتھے اجلاس میں متعلقہ حکام کی بریفنگ

وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے برآمدکنندگان کو زیرو ریٹنگ اور فنانسنگ ریٹس میں برآمدکنندگان کیلئے کمی کی بے مثال سہولت فراہم کی ہے ، ان کو بجلی وگیس کی بلا تعطل فراہمی کی جارہی ہے ، بجلی کی قیمتوں میں بھی کئی بار کمی کی گئی ہے،خرم دستگیر

پیر 29 اگست 2016 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء ) پاکستان نے گذشتہ سال کی کپاس فصل کو پہنچنے والے نقصانات پر قابو پالیا ہے اور آئندہ سیزن میں کپاس کی اندازاً 13ملین گانٹھیں حاصل ہونے کی توقع ہے۔ پیر کویہ بات وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی زیر صدارت ہونے والے فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کے چوتھے اجلاس میں بتائی گئی۔

اجلاس کے دوران پاکستان جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے)اور کاٹن کمشنر نے علیحدہ علیحدہ طورپر اجلاس میں موجود شراکت داروں کو بتایا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت میں قریبی رابطوں سے گذشتہ سال کپاس کی فصل کو نقصان پہنچانے والے پنک بول وارم پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔مزید برآں کسانوں اور کاشتکاروں کی ایک بڑی تعداد کو کھیتوں میں پانی نکاسی بارے تربیت دے دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی فصلوں کو کپاس کے کیڑوں سے محفوظ رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

کپاس کے تمام متعلقہ شراکت داروں جنرز، ویووز، سپنیرز، بیڈ شیٹ مینوفیکچررز اور گارمنٹس بنانے والوں نے اپنے اپنے شعبوں میں برآمدات کی تازہ ترین صورتحال بارے پریذنٹیشنز دیں اوراس ضمن میں پالیسیوں کو مزید بہتری لانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔وفاقی وزیر نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے برآمدکنندگان کو زیرو ریٹنگ اور فنانسنگ ریٹس میں برآمدکنندگان کے لیے کمی کی بے مثال سہولت فراہم کی ہے اور انہیں بجلی وگیس کی بلا تعطل فراہمی کی جارہی ہے جبکہ ان کے لیے بجلی کی قیمتوں میں بھی کئی بار کمی کی گئی ہے۔

انہوں نے شراکت داروں کو حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وفاقی وزیر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی چیلنجنگ ماحول کے باوجود پاکستان برآمدکنندگان میں چیلنج کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ اجلاس کے دوران ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن نے حکومت اور وزارت کی کوششوں اور تعاون کا خیر مقدم کیا اور خاص طورپر وزیر تجارت اور چیئرمین فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :