منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے6 پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن لئے معاہدے پر دستخط

معاہدے کی مالیت تقریباً 10 ارب 80 کروڑ روپے ہے، 6 یونٹ باری باری 2020 ء تک اپ گریڈ کئے جائینگے مذکورہ معاہدہ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا حصہ ہے،مجموعی تکمیل پر منگلا کی پیداواری صلاحیت میں 310 میگاواٹ اضافہ ہوگا

پیر 29 اگست 2016 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے 6 پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن کے لئے واپڈا اور آلسٹوم ہائیڈر و فرانس کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے۔اِس معاہدے کی مالیت تقریباً 10ارب 80 کروڑ روپے ہے ۔پیکیج 1 اور 7 پر مشتمل یہ کنٹریکٹ منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا حصہ ہے ۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی ۔

واپڈا کی جانب سے جنرل منیجر(ہائیڈل) ڈویلپمنٹ انجینئر محمد ارشد چودھری اور آلسٹو م ہائیڈرو فرانس کی جانب سے بینیٹ ڈھین نے معاہدے پر دستخط کئے۔ واپڈا کے ممبر(پاور) ، ممبر(فنانس) اور سینئر آفیسرز جبکہ آلسٹو م ہائیڈرو فرانس اور یو ایس ایڈ کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت میں 310 میگاواٹ کا اضافہ ہوگااور یہ ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر 1310 میگاواٹ ہو جائے گی ۔

منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت ایک وقت میں ایک سرنگ (دو پیداواری یونٹوں) کو بند کرکے پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی ۔ پہلے دو یونٹوں کی اپ گریڈیشن کاکام 2018ء تک مکمل ہو گا۔ اگلے دو یونٹ 2019ء اور دیگر دو یونٹوں پر کام 2020ء تک مکمل کیا جائے گا۔ بقیہ چار یونٹوں کی اپ گریڈیشن اگلے مرحلے میں کی جائے گی ۔منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے پی سیI-کی منظور شدہ لاگت 52ارب 22کروڑ 40لاکھ روپے ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یو ایس ایڈ اِس پراجیکٹ کے لئے 150ملین ڈالر بطور گرانٹ مہیا کررہا ہے جبکہ بقیہ رقم کا انتظام واپڈا قرضوں کے ذریعے کرے گا۔

متعلقہ عنوان :