سا لمیت پر حملوں پر چپ سادھنے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہیے،ڈاکٹر طاہر القادری

نوجوان ایمان کی طرح پاکستان کا تحفظ کریں ،پاکستان عوامی تحریک کے قائد کا‘ونگز کے صدور کے اجلاس سے خطاب

پیر 29 اگست 2016 22:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملکی سا لمیت کے ساتھ گھناؤنا مذاق ہو رہا ہے نوجوان ایمان کی طرح پاکستان کا تحفظ کریں۔ جنہوں نے پاکستان کی سا لمیت پر مسلسل حملوں پر چپ سادھ رکھی ہے ان پر بھی فوری آرٹیکل 6 لگنا چاہیے ،گالیوں کا سبب بننے والوں کا کڑا احتساب کئے بغیر حملے نہیں رکیں گے ۔

قصاص و سا لمیت پاکستان تحریک کے سلسلے میں اب تک پونے دو سو شہروں میں احتجاجی مظاہرے ایک ریکارڈ ہے ۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے تمام ونگز کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔سربراہ عوامی تحریک نے ویمن لیگ،ایم ایس ایم ،یوتھ لیگ ،لائرز ونگ ،علما کونسل،عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں کو احتجاجی جلسے کامیاب بنانے کے حوالے سے دن رات محنت کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور انکی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے کی جانیوالی جدوجہد کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ویمن لیگ،یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے نوجوانوں سے کہاکہ پاکستان کا تحفظ ایمان کی طرح کریں ،آج پاکستان کی سا لمیت خطرے میں ہے،سربراہ عوامی تحریک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنرل راحیل شریف نے کہاتھا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ضرور ملے گا اور انصاف کیلئے میں پر امید ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہماری ایف آئی آر کا نہ کٹنا پہلی شہادت تھی کہ کارکنوں کی قاتل صرف پولیس نہیں کوئی اور بھی ہے۔

جمہوریت کے نام پر فرعونی نظام رائج ہے ،بچے اغوا،عزتیں لٹتی ہیں اور کوئی بول بھی نہیں سکتا۔موجودہ لوٹ کھسوٹ اور ظلم پر مبنی نظام نے قوم کو ذہنی طور پر مفلوج کر دیا ہے، لٹیرے کہتے ہیں کرپشن کلچر کا حصہ بن چکی اسے قبول کر لو ،ظلم معاشرے کا حصہ ہوتا ہے اس پر احتجاج نہ کرو ۔انہوں نے ایسا نظام تشکیل دے رکھا ہے کہ 20کروڑ عوام انفرادی حیثیت میں جینے پر مجبور ہیں،ایک قوم کے تصور کو بری طرح مجروح کر دیا گیا ،عزت دار لوگوں کو انکے ذاتی مسائل میں الجھا دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ شریف برادران پاکستان کو ذاتی جاگیر سمجھتے ہیں اسی لئے کوئی انکے ظلم کو چیلنج کرے تو یہ سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا کر دیتے ہیں۔ دنیا بھر میں ملکی ترقیاتی ٹھیکے دونوں بھائی کرتے پھرتے ہیں ۔چین اور استنبول کے دورے دونوں بھائیوں نے کئے ۔ وزیر اعلی ٰ پنجاب فیملی کے کاروباری معاملات نمٹانے پی اے ایف کے جہاز پر استنبول گئے ،کیا دنیا کی کسی اور جمہوریت میں اس طرح کے فیملی رول کا تصور کیا جا سکتا ہے؟انہوں نے کہاکہ میں ملک کو لوٹنے والوں کی فرعونیت اور قارونیت کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہوں فتح حق کی ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو شائع کیا جائے،رپورٹ کی اشاعت سے انصاف کا راستہ کھلے گا ۔موجودہ حکمران آئین اور ریاست کو اپنا حریف سمجھتے ہیں اسی لئے سا لمیت پر حملے ہو رہے ہیں۔نواز شریف نے اپنے اتحادیوں سے پارلیمنٹ کے فلور پر زہر اگلوایاکیا ملک اور آئین کا نواز شریف پر کوئی حق نہیں ہے ؟انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم استعفیٰ دے کر پڑوسی ملک میں اسمبلی کی کسی خالی نشست سے الیکشن لڑیں انہیں بڑی پذیرائی ملے گی،انکی آخری آرام گاہ پڑوسی ملک ہے ۔