ایم کیوایم پاکستان کے کارکن محمود خان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سرجانی ٹاؤن 4-jکے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا

نمازجنازہ اورتدفین میں عامرخان،خواجہ اظہارالحسن،ارشدوہراحق پرست نمائندگانوکارکنان اورعوام کی بہت بڑی تعدادمیں شرکت

پیر 29 اگست 2016 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) گزشتہ روز دوران حراست میں پولیس تشدد کے باعث ماورائے عدالت قتل ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر کارکن محمود خان شہید کوپیر کے روز ہزاروں سوگواران کی آہوں اور سسکیوں کے درمیان سرجانی ٹاؤن 4جیکے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیااس سے قبل محمودخان شہید کی نماز جنازہ بعدنمازظہرخداکی بستی فیز1سرجانی ٹاؤن میں واقع مسجداقصیٰ میں اداکی گئی۔

(جاری ہے)

نمازجنازہ اور تدفین میں رابطہ کمیٹی ایم کیوایم پاکستان کے سینئرڈپٹی کنوینرعامرخان،سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن،ڈپٹی مئیرکراچی ارشدوہرا،سینٹرل ایگزیکٹوکونسل کے ارکان ،حق پرست رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم ،یوسی کے چیئرمینز،وائس چیئرمینز،کونسلر،شعبہ جات کے ارکان،ایم کیوایم پاکستان کے ذمہ داران،کارکنان،سرجانی،نارتھ کراچی اور نیو کراچی کے عوام اورمحمودخان شہیدکے معصوم بچوں اوردیگرعزیز واقارب نے ہزاروں کی تعدادمیں شرکت کی اورشہیدکی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اورسوگوارلواحقین کے صبروجمیل کے لئے دعائیں کیں۔